رسائی کے لنکس

دوسری جنگِ عظیم کے بعد پہلی بار 'نیشنل اسپیلنگ بی' مقابلہ منسوخ


امریکہ میں دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی بار 'نیشنل اسپیلنگ بی' مقابلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے نئی تاریخ کا اعلان کرنا ممکن نہیں۔

اس کا انعقاد 24 سے 29 مئی تک دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے ملحق نیشنل ریزورٹ اینڈ کنونشن سینٹر میں ہونا تھا۔

اگرچہ یہ امریکہ کا قومی مقابلہ ہے، لیکن اس میں دوسرے ملکوں کے طالب علم بھی شریک ہوتے ہیں۔ مشکل الفاظ کے درست اسپیلنگ بتانے والے کو فاتح قرار دیا جاتا ہے۔

اس سے پہلے مارچ میں منتظمین نے مقابلہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا جس سے امید ہوئی تھی کہ سال کے آخر میں اسے منعقد کیا جائے گا۔ لیکن اب منتظمین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے اس سال مقابلے کی نئی تاریخ مقرر کرنا ممکن نظر نہیں آرہا۔

اگلا نیشنل اسپیلنگ بی مقابلہ یکم سے 3 جون 2021 تک منعقد کیا جائے گا۔ منتظمین نے کہا ہے کہ وہ قواعد میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے اور آٹھویں گریڈ تک کے طالب علم ہی اس میں شرکت کر سکیں گے۔

اس کا مطلب ہوا کہ اس سال مقابلے میں حصہ لینے کے اہل کچھ طلبہ اگلے مقابلے میں شریک نہیں ہوپائیں گے۔ مقابلے میں شریک ہونے کے لیے ایک شرط یہ بھی ہے کہ طالب علم کی عمر 15 سال سے کم ہونی چاہیے۔

مقابلے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پائیج کمبل نے ایک بیان میں کہا کہ انھیں ان طلبہ سے ہمدردی ہے کامیابی کے لیے آخری موقع سے محروم ہوگئے ہیں۔ اس کا سبب وبا ہے جس نے ہمیں مشکل فیصلے پر مجبور کیا ہے۔

امریکہ کے اسکولوں میں اسپیلنگ بی مقابلے سال بھر جاری رہتے ہیں۔ مقامی مقابلوں کے فاتح واشنگٹن ڈی سی میں فائنلز میں شریک ہوتے ہیں۔ اس سال بھی مقامی سطح کے 150 مقابلے منعقد ہوچکے تھے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال معمول پر آنے کے بعد ان مقابلوں کے فاتحین کو خراج تحسین پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ان مقابلوں کا آغاز 1925 میں ہوا تھا۔ آخری بار نیشنل اسپیلنگ بی مقابلے دوسری جنگ عظیم کی وجہ سے 1942 سے 1945 تک منعقد نہیں کیے جا سکے تھے۔

کئی بار ایسا ہوچکا ہے کہ ذہین طالب علم تمام مشکل الفاظ بوجھ جاتے ہیں اور ایک سے زیادہ شرکا کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دینا پڑا۔ گزشتہ سال انوکھا واقعہ ہوا کہ آٹھ طالب علم آخر تک میدان میں رہے، لیکن منتظمین کے پاس الفاظ ختم ہوگئے۔ اس کے بعد آٹھوں بچوں کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG