رسائی کے لنکس

راولپنڈی ٹیسٹ: مشفق الرحیم نے بازی پلٹ دی


  • راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 565 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
  • مشفق الرحیم نے ایک چھکے اور 22 چوکوں کی مدد سے 341 گیندوں پر 191 رنز بنائے۔
  • کھیل کے چوتھے روز آؤٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں لٹن داس 56، مہدی حسن مرزا 77 اور شرف الاسلام 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
  • پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے تین، شاہین شاہ آفریدی، خرم شہزاد اور محمد علی نے دو، دو جب کہ صائم ایوب نے ایک وکٹ حاصل کی۔
  • پاکستان نے اپنی پہلی اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔

ویب ڈیسک بنگلہ دیش کے مڈل آرڈر بلے باز مشفق الرحیم کی 191 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت مہمان ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف 117 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ہفتے کو راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 565 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔

میزبان ٹیم پُرامید تھی کہ بنگلہ دیشی بلے بازوں کو جلد آؤٹ کرنے کے بعد میچ پر گرفت مضبوط کرلی جائے گی لیکن ہفتے کو مشفق الرحیم پاکستانی بالرز کے سامنے ڈٹ گئے۔

مشفق الرحیم نہ صرف کریز پر کھڑے رہے بلکہ انہوں نے شاندار بیٹںگ کی بدولت پاکستان کی برتری ختم کرتے ہوئے ٹیم کو لیڈ دلانے میں بھی کردار ادا کیا۔

مشفق الرحیم نے ایک چھکے اور 22 چوکوں کی مدد سے 341 گیندوں پر 191 رنز بنائے۔ وہ اس وقت آؤٹ ہوئے جب بنگلہ دیش کی ٹیم سات وکٹوں پر 528 رنز بنا چکی تھی اور اسے پاکستان پر 80 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی تھی۔

کھیل کے چوتھے روز آؤٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں لٹن داس 56، مہدی حسن مرزا 77 اور شرف الاسلام 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مشق کی بیٹںگ کی بدولت بنگلہ دیش نے میچ پر گرفت مضبوط کرلی ہے۔ پاکستان کو میچ میں واپس آنے کے لیے نہ صرف مہمان ٹیم کی برتری ختم کرنا ہو گی بلکہ میچ بچانے کے لیے کھیل کے پانچویں روز وکٹیں گنوانے سے گریز کرنا ہو گا۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 93 رنز کی بدولت تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی، خرم شہزاد اور محمد علی دو، دو اور صائم ایوب نے ایک وکٹ حاصل کی۔

راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں پاکستان کے نائب کپتان سعود شکیل 141 اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 171 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب 56، شاہین شاہ آفریدی 29 اور آغا سلمان نے 19 رنز بنائے تھے جب کہ تین کھلاڑی بابر اعظم، کپتان شان مسعود اور عبداللہ شفیق ڈبل فیگر میں بھی شامل نہیں ہو سکے تھے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شرف الاسلام اور حسن محمود نے دو، دو جب کہ مہدی حسن مرزا اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ بھی راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔

فورم

XS
SM
MD
LG