امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شمال میں اتوار کو طوفان نے تباہی مچا دی ہے جس کے باعث تیز بارشوں اور ہوا کے جھکڑوں سے بجلی کے کئی کھمبے اور درخت گر گئے۔
ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے سیکرامینٹو شہر میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی مچائی جہاں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
ماہرینِ موسمیات نے اس طوفان کو 'بومب سائیکلون' کا نام دیا ہے جس کی وجہ سے پانچ انچ تک بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق نیشنل ویدر سروس کے ماہرِ موسمیات مارک شنارڈ کا کہنا ہے کہ طوفان کے سبب مغربی ساحل پر 10 انچ (25 سینٹی میٹر) بارش متوقع ہے۔
طوفان نے کیلی فورنیا میں جنگلات میں لگنے والی آگ کے بعد سیلابی صورتِ حال کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔
ریاست کے ایسے علاقے جہاں آگ کی وجہ سے جنگلات ختم ہو گئے ہیں وہاں خطرناک سیلابی صورتِ حال کے خطرات کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
مارک شنارڈ کے بقول ریاست کی تاریخ میں دوسری سب سے بڑی جنگلات میں لگنے والی آگ سے متاثرہ سان فرانسسکو کے شمال مشرق کے سیئرا نواڈا پہاڑی علاقے میں پہلے ہی کئی مٹی کے تودے گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ماہرِ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہت متاثر کن طوفانی سسٹم ہے جو پیر تک جاری رہے گا جو بتدریج وسطی کیلی فورنیا میں جنوب کی جانب منتقل ہو جائے گا۔
ریاست کیلی فورنیا کی فریزنو کاؤنٹی کے شیرف کی جانب سے ٹوئٹر پر 2020 میں جنگلات میں لگنے والی 'کریک فائر' سے متاثرہ علاقوں سے انخلا کی وارننگ جاری کی ہے۔
ایمرجنسی سروسز نے سان فرانسسکو کے شمال میں میرن کاؤنٹی اور دریائے ناپا کے کچھ حصوں میں بھی سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔