رسائی کے لنکس

صوبے میں برسر اقتدار جماعت کی پالیسیوں کے باعث نفرت پروان چڑھی: خالد مقبول صدیقی


متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پپیلز پارٹی پر ایک بار پھر تعصب کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں برسر اقتدار جماعت کی پالیسیوں کے باعث نفرت پروان چڑھی۔

باغ جناح کراچی میں ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم نے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’’کوٹہ سسٹم کی وجہ سے صوبے میں تقسیم کی فضا ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’کوٹہ سسٹم کی وجہ سے سندھ کی آبادی کو پہلے ہی تقسیم کیا جا چکا ہے‘‘۔ بقول ان کے، ’’سوچنا ہوگا کہ 1970 سے پہلے کا پاکستان اچھا تھا یا اس کے بعد کا؟‘‘

خالد مقبول صدیقی نے الزام عائد کیا کہ ’’ستر کے بعد پاکستان کو پیپلز پارٹی کی بیماری لگ گئی۔ پیپلز پارٹی کی سیاست نفرت کے نعرے سے شروع ہوئی اور پھر ملک کو تباہ کرنیکی سازش کی گئی۔‘‘

پارٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کا کہنا تھا کہ ’’سندھ حکومت نا اہل ترین حکومت ہے۔ کراچی والے کسی کی غلامی قبول نہیں کرینگے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ’’اردو بولنے والوں کے آباؤ اجداد نے قیام پاکستان میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ لیکن آزادی کے بعد یہ ملک ان لوگوں کے ہتھے لگ گیا جن کو یہ مفت میں ملا تھا‘‘۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مئیر کراچی اور پارٹی کے مرکزی رہنما وسیم اختر نے کہا کہ ’’ملک کے سب سے بڑے شہر کے بلدیاتی نمائندوں سے صوبائی حکومت نے تمام اختیارات چھین لیے ہیں‘‘۔

لیکن، انہوں نے یقین دلایا کہ ’’ایم کیو ایم کی حکومت برسر اقتدار آئی تو کراچی کو درپیش تمام مسائل حل اور بلدیاتی اداروں کو مضبوط کیا جائے گا‘‘۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’’سندھ میں بدتر طرز حکمرانی ہے، جس کے سبب عدلیہ کو بھی سخت ریمارکس دینا پڑ رہے ہیں۔ لیکن، اس کے باوجود بھی صوبائی حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی‘‘۔

ایم کیو ایم کے رہنما اور سندھ اسمبلی کے سابق قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ’’ایم کیو ایم کو 7 نشستوں تک محدود کرکے سندھ میں برسر اقتدار پیپلز پارٹی کو بدعنوانی کے لئے کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے‘‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’کراچی سے عام انتخابات میں جیتنے والے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی آج تک اپنے حلقوں میں نہیں گئے‘‘۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے جلسے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ کراچی کے شہری ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں، اور یہ کہ، ایم کیو ایم سندھ کے شہری علاقوں میں ہونے والی نا انصافی پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

  • 16x9 Image

    محمد ثاقب

    محمد ثاقب 2007 سے صحافت سے منسلک ہیں اور 2017 سے وائس آف امریکہ کے کراچی میں رپورٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کئی دیگر ٹی وی چینلز اور غیر ملکی میڈیا کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبے سیاست، معیشت اور معاشرتی تفرقات ہیں۔ محمد ثاقب وائس آف امریکہ کے لیے ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG