رسائی کے لنکس

ٹی وی کی تاریخ کا سب سے مہنگا شو، عامر خان سب پربازی لے گئے


چھ مئی کا دن بھارتی ٹی وی چینلز کی دنیا کے لئے بالکل انوکھا ہوگا۔ اس دن کم ازکم 3 تاریخیں رقم ہوں گی۔ اول اس دن ملکی تاریخ کا اب تک کا سب سے مہنگا ٹی وی شو آن ائیر ہو گا، وہ بھی بیک وقت 2مختلف چینلز سے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ کوئی پروگرام بیک وقت دو چنیلز ، ایک سرکاری اورایک نجی چینل سے پیش ہوگا۔

دوم یہ عامر خان کا پہلا ٹی وی شو ہے ۔ اس سے پہلے عامر خان کبھی منی اسکرین پر نظر نہیں آئے ۔ سوم اس شو کی تشہیری مہم بھی اب تک کی سب سے مہنگی مہم ہے جس پر سواچھ کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں۔اس شو کی ایک انفرادیت یہ بھی ہے کہ اسے بھارت کی 8علاقائی زبانوں میں ڈب کیا جارہا ہے۔

شو کا نام ہے ”ستیہ میو جیتے“ اور اس کے معنی ہیں” جیت ہمیشہ سچ کی ہی ہوتی ہے“۔ انتہائی دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ شو کیسا ہوگا؟ اس کی نوعیت کیا ہوگی؟ یہ اب تک راز میں رکھا گیا ہے۔ عامر خان نے میڈیا کو ابھی تک اس کی بھنک بھی نہیں لگنے دی ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر راز سے پردہ اٹھ گیا تو سسپنس ہی ختم ہوجائے گا۔ لہذا یہ آخری وقت تک سرپرائز ہی رہے گا۔

اس شو کی انہی خاص اور دلچسپ باتوں نے لوگوں کے دلوں میں شو سے متعلق اشتیاق بڑھا دیا ہے۔ شو کی تیاری پر دو سال کا طویل عرصہ صرف ہوا۔ شو کی کل 13 قسطیں ہیں۔ ایک قسط پر چار کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں جبکہ مہنگے سے مہنگے اور ٹاپ ریٹنگ رئیلٹی شو پر زیادہ سے زیادہ دو سے ڈھائی کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں جبکہ سوپ یا ایک عام ڈرامہ سیریل کی ایک قسط پر زیادہ سے زیادہ 10لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔

عامر خان نے اس شو کی ایک قسط میں کام کرنے کا معاوضہ فی قسط تین کروڑ روپے لیا ہے ۔ اس معاوضے کی مدنظر رکھیں تو عامر خان نے سلمان خان، شاہ رخ اور امیتابھ بچن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اس پروجیکٹ میں عامرکی خصوصی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ انھوں نے شو کی خاطر اپنی آنے والی فلموں ’تلاش’ اور ’دھوم تھری‘ بھی ملتوی کر دیں ۔عامر نے حسب معمول وہ کام کیا جو نہ صرف ’ذرا ہٹ‘ کے ہے ۔

شوایک گھنٹے کے دورانیے پر مشتمل ہوگا اورہر اتوارکی صبح ”دور درشن“ اور” اسٹار پلس“ سے پیش ہوگا۔ شو کو کامیاب بنانے کے لئے صرف عامر ہی سرگرم نہیں بلکہ اسٹا ر نیٹ ورک بھی تمام حربے استعمال کر رہا ہے۔ شو کی تشہری مہم پر اسٹار کی جانب سے سوا چھ کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG