رسائی کے لنکس

کرونا وائرس سے ایک دن میں سات ہزار افراد لقمہ اجل


کرونا وائرس یورپ میں بے قابو ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جہاں ایک دن میں 4500 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ دنیا بھر میں سات ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 14 لاکھ اور ہلاکتیں 81 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔

پہلی بار فرانس میں ایک دن میں 1400، برطانیہ میں 700، بیلجیم میں 400، جرمنی میں 200 اور سویڈن اور برازیل میں سو سے زیادہ لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ اٹلی میں اموات کی تعداد 17 ہزار، امریکہ میں 12 ہزار، اسپین میں 14 ہزار، فرانس میں 10 ہزار اور برطانیہ میں 6 ہزار سے زیادہ ہے۔ امریکہ، اٹلی، اسپین اور جرمنی کے بعد فرانس میں بھی مریضوں کی تعداد ایک لاکھ ہوگئی ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، ہر گزرتے دن کے ساتھ کرونا وائرس کے مریضوں اور اموات کی تعداد میں تشویش ناک اضافہ ہو رہا ہے۔ منگل کو سات ہزار اموات ہوچکی تھیں۔

امریکہ میں 20 لاکھ افراد کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں، جن میں 3 لاکھ 94 ہزار مثبت رہے۔ منگل کی شام تک 1845 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

فرانس میں ایک دن میں 1417، برطانیہ میں 786، اسپین میں 704، اٹلی میں 604، بیلجیم میں 403، نیدرلینڈز میں 234، جرمنی میں 202، ایران میں 133، برازیل میں 117 اور سویڈن میں 114 ہلاکتیں ہوئیں۔ اس طرح 11 ملکوں میں 100 سے زیادہ اموات ہوئیں۔

اسپین میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار، اٹلی میں ایک لاکھ 35 ہزار، فرانس میں ایک لاکھ 9 ہزار اور جرمنی میں ایک لاکھ 6 ہزار ہو چکی ہے۔ چین میں 81 ہزار، ایران میں 62 ہزار اور برطانیہ میں 55 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔

مختلف ملکوں میں 48 ہزار سے زیادہ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ ان میں امریکہ کے 9 ہزار، فرانس اور اسپین کے سات سات ہزار، جرمنی کے 4800، ایران کے 4 ہزار اور اٹلی کے 3700 مریض شامل ہیں۔

منگل کو ایک اور سنگ میل عبور ہوا جب کرونا وائرس سے صحت یاب افراد کی تعداد تین لاکھ ہوگئی۔ ان میں چین کے 77 ہزار، اسپین کے 43 ہزار، جرمنی کے 36 ہزار، ایران کے 27 ہزار، اٹلی کے 24 ہزار، مریکہ کے 21 ہزار اور فرانس کے 19 ہزار شہری شامل ہیں۔

ایک ہزار سے زیادہ مریضوں والے ملکوں میں صرف چین اور جنوبی کوریا میں صحت یاب ہوجانے والوں کی تعداد اب تک بیمار لوگوں سے زیادہ ہے۔ چین میں 77 ہزار صحت یاب افراد کے مقابلے میں اب صرف 1200 بیمار ہیں۔ جنوبی کوریا میں 6700 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور 3400 بیمار ہیں۔

XS
SM
MD
LG