رسائی کے لنکس

'انٹرنیٹ ایکسپلورر' کو 25 برس بعد بند کرنے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بیسویں صدی کے آخر اور اکیسویں صدی کے آغاز میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین مائیکروسافٹ کے اس 'ای' سے بخوبی واقف ہوں گے۔

سن 1995 کے بعد سے مائیکرو سافٹ کا یہ 'ای' یا 'انٹرنیٹ ایکسپلورر' کئی صارفین کے استعمال میں رہا لیکن اب یہ بند ہونے جا رہا ہے۔

مائیکروسافٹ نے پرانے براؤزرز انٹرنیٹ ایکسپلورر 11 اور مائیکروسافٹ 'لیگیسی ایج' کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کی جگہ اب نئے براؤزر ’مائیکروسافٹ ایج‘ نے لے لی ہے۔

مائیکروسافٹ نے اپنے ایک بلاگ میں تصدیق کی ہے کہ انٹرنیٹ ایکسپلورر 11 آئندہ برس 17 اگست سے دستیاب نہیں ہو گا۔ اسی طرح ایکسپلورر کے پرانے براؤزر ’لیگیسی ایج‘ کی بھی مزید سیکیورٹی اپ ڈیٹس نو مارچ 2021 کے بعد سے دستیاب نہیں ہوں گی۔

ویڈیو کانفرنس ایپ 'مائیکروسافٹ ٹیمز' بھی 30 نومبر 2020 کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر 11 کو سپورٹ نہیں کرے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ ایکسپلورر 11 کے بند ہونے سے بعض صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جس کا انہیں احساس ہے۔ تاہم صارفین مائیکروسافٹ کا متعارف کردہ نیا براؤزر استعمال کر سکتے ہیں۔

مائیکروسافٹ کے مطابق کمپنی صارفین کی پرانے براؤزر سے نئے میں منتقلی کے عمل کو جلد مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

'انٹرنیٹ ایکسپلورر' کی جگہ متعارف کرایا جانے والا مائیکروسافٹ کا نیا براؤزر 'مائیکروسافٹ ایج' اپنے پیش رو سے زیادہ مقبول ہوا ہے۔

امریکی جریدے 'فوربز' کے مطابق مائیکروسافٹ 'ایج' کی تشہیر کے لیے ونڈوز کے صارفین کو اپ ڈیٹس فراہم کر رہا ہے تاکہ اس کے صارفین نئے براؤزر کا استعمال کریں۔

XS
SM
MD
LG