رسائی کے لنکس

مائیکروسافٹ کانفرنس، پاکستانی کمپنی ’پارٹنر آف دی ایئر‘ قرار


ایک پاکستانی ماہر کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ نے دو ہزار چودہ میں بھارت میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ ایسی  بیرونی سرمایہ کاری پاکستان میں بھی ممکن ہے۔ تاہم، اس کے لئے حکومت کو ضروری اصلاحات کرنا ہوں گی

واشنگٹن میں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی ’مائیکروسافٹ‘ کی تین روزہ بین الااقوامی پارٹنرشپ کانفرنس ختم ہوگئی ہے۔ اس کانفرنس میں پاکستان کی دس کمپنیوں نے شرکت کی جن میں سے ایک ’کنفیوزسلوشن‘ کو مائیکروسافٹ نے اپنا ’پارٹرنر آف دی ائر‘ قرار دیا ہے۔

واشنگٹن میں منعقد ہونے والی مائیکروسافٹ کی اس سالانہ پارٹنرشپ کانفرنس میں دنیا بھر سے سترہ ہزار سے زائد آئی ٹی ماہرین نے شرکت کی اور مائیکروسافٹ کی نئی ٹیکنالوجی اور مستقبل کے رجحانات پر تبادلہٴ خیال کیا۔

کانفرنس کے پاکستانی شرکا کا کہنا تھا کہ ملک میں آئی ٹی کے حوالے سے صلاحیتیں اور امکانات بھارت کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہونے کے باوجود محض ٹیکس نظام کی اصلاح نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی کمپنیاں عالمی مسابقت کے قابل نہیں۔

کانفرنس میں شریک ایک ماہر ’کنفیوزسلوشن‘ کے سی ای او، ہاشم ذوالفقار کہتے ہیں کہ مائیکروسافٹ بنیادی طور پر ایک ٹیکنالوجی پلیٹ فارم ہے، جن کو ہماری پارٹنرشپ کی ضرورت ہوتی ہے، تاکہ ہم ان کی ٹیکنالوجی کو صنعتوں کے مسائل کے حل میں استعمال کرسکیں۔ چونکہ مائیکروسافٹ کی پہنچ پوری دنیا تک ہے، اس لئے، ہم ان کے توسط سے پوری دنیا میں اپنی مہارت کے ساتھ کام کرتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ عالمی صنعتوں میں پاکستان کا حصہ شامل رہے۔ شائد، اسی لئے مائیکروسافٹ نے ان کی کمپنی کو ’پارنٹر آف دی ائر‘ قرار دیا ہے۔

ایک اور پاکستانی ماہر خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ نے دو ہزار چودہ میں بھارت میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی، ایسی بیرونی سرمایہ کاری پاکستان میں بھی ممکن ہے۔ تاہم، اس کے لئے، حکومت کو ضروری اصلاحات کرنا ہوں گے۔

خرم شہزاد کہتے ہیں کہ دو ہزار چودہ میں مائیکروسافٹ نے انڈیا میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جس کی وجہ وہاں کی تجارت دوست پالیسی تھی۔ اسی لئے، ہم توقع کرتے ہیں کہ جب ہم ملازمتوں کے مواقع پیدا کرتے ہیں۔ ٹیکس کی صورت میں ریونیو کا ذریعہ بنتے ہیں لوگوں کو باہر بھیج کر زرمبادلہ کماتے تو حکومت بھی تجارت دوست پالیسی بنائے اور کوئی ایسا گروپ تشکیل دے جو متعلقہ وزارت کو اس صنعت کے حقیقی مسائل سے آگاہ کرے اور اس کا فوری حل نکالا جائے۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر ایسا ہوا تو پاکستانی آئی ٹی کی صنعت میں دس تا بیس گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

مائیکروسافٹ کی سالانہ کانفرنس میں ہر سال دنیا بھر کے آئی ٹی ماہرین اور بڑی کمپنیاں امریکہ میں جمع ہوتی ہیں۔ یہ پلیٹ فارم باہمی تجربات کے تبادلے کا موثر ذریعہ تو ہے ہی، اس موقع پر دنیا بھر کی مائیکروسافٹ سے منسلک آئی ٹی کمپنیوں کے کاروبار کو بھی وسعت ملتی ہے اور ان کے درمیان باہمی تجارت کی نئی راہیں کھلتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG