رسائی کے لنکس

میموریل ڈے: ملک کےدفاع کی اہمیت، خراج عقیدت


’اس قومی دِن کے موقع پر ہم اُن جان نثاروں کی یاد مناتے ہیں جنھوں نے وطن عزیز کے لیے اپنی جان اس لیے قربان کی، تاکہ ہم امن و آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں‘: اوباما

سالانہ ’میموریل ڈے‘ کے موقع پر پیر کے روز امریکیوں نے ملک کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

امریکی صدر براک اوباما نے واشنگٹن سے تھوڑا سا باہر، آرلنگٹن کی نیشنل سیمیٹری میں منعقدہ ایک تقریب میں یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس سے قبل، اُنھوں نے خطاب کرتے ہوئے اپنے ملک کے لیے جان نثار کرنے والوں کو یاد کیا۔

اس قومی سیمیٹری میں سپاہیوں نے 260000سے زائد قبروں پر چھوٹے امریکی پرچم آویزاں کیے۔


اس سے قبل، مسٹر اوباما اور اُن کی بیگم، مشیل نے شہداٴ کے لواحقین کے لیے وائٹ ہاؤس میں ناشتے کا اہتمام کیا۔

اِس قومی یادگار دن کی نسبت سےتعطیل کےموقع پر واشنگٹن میں ہزاروں موٹر سائیکل سوار، جنھیں ’رولنگ تھنڈر‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، سڑکوں سے گزرے۔ اُنھوں نے قید ہونے والے فوجیوں اور وہ جو ابھی تک لاپتا ہیں اُن کی طرف دھیان مبذول کرنے کا مطالبہ کیا۔

ملک کے دیگر مقامات پر جنگوں میں جان دینے والوں کی یاد میں کئی طرح کی یادگاری تقاریب منعقد ہوئیں، جن میں سے ایک نیو یارک میں ہوئی جس میں دوسری عالمی جنگ میں شرکت کرنے والی پائلیٹ خواتین کو یاد کیا گیا۔

مسٹر اوباما نے اپنے ہفتہ وار ریڈیو خطاب میں امریکی فوج میں کام کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس قومی دِن کے موقع پر ہم اُن جان نثاروں کو یاد کرتے ہیں جنھوں نے وطن عزیر کے لیے اپنی جان کی قربانی اس لیے دی تاکہ ہم امن اور آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔
XS
SM
MD
LG