رسائی کے لنکس

میرا سمیت 400 پاکستانیوں کی وطن واپسی آئندہ چند روز میں متوقع


پاکستان کی معروف اداکارہ میرا (فائل فوٹو)
پاکستان کی معروف اداکارہ میرا (فائل فوٹو)

پاکستان کی معروف اداکارہ میرا سمیت 400 کے قریب پاکستانی کرونا وائرس کی وجہ سے نیویارک شہر میں پھنس کر رہ گئے تھے، جن کی واپسی آئندہ چند دنوں میں شروع ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

پاکستانی سفارتی عملے نے بتایا ہے کہ پھنسے ہوئے ان پاکستانیوں کو رہائش، خوراک اور ادویات فراہم کی جا رہی ہے۔

چند دنوں قبل میرا کی ایک ویڈیو سماجی میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انھوں نے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی تھی کہ انھیں نیویارک سے نکالا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے شہر کی صورت حال بہت خراب ہے اور وہ یہاں مرنا نہیں چاہتیں۔ بقول ان کے، ''اگر موت آئے تو میں اپنے وطن میں مرنا پسند کروں گی''۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے پر نیویارک کے ایک مقامی صحافی عون نقوی نے میرا کے ہوٹل پہنچ کر ان سے حال معلوم کیا۔

انھوں نے بتایا کہ وہ دو ماہ قبل نیویارک آئی تھیں اور لانگ آئی لینڈ کے علاقے میں اپنے خاندان کے ساتھ رہ رہی تھیں۔ لیکن، ان کے ڈیڈ (ان کا اشارہ اپنے سسر کی جانب تھا) بہت کنزروٹیو ہیں۔ اور وہ ان کا شوبز میں کام کرنا پسند نہیں کرتے۔ اور وہ نہایت سخت مزاج کے ہیں۔ لہذا، انھیں گھر چھوڑ کر ہوٹل منتقل ہونا پڑا۔

اداکارہ میرا نے وزیر اعظم پاکستان سے ایک بار پھر اپیل کی وہ اور ان جیسے دیگر پاکستانی جو یہاں پھنس کر رہ گئے ہیں واپس وطن لوٹنا چاہتے ہیں۔ میرا کے الفاظ میں، ’’میں وزیر اعظم سے کہوں گی کہ صرف وہ نہیں بلکہ ان کے ساتھ بہت سارے پاکستانی جو یہاں پھنس کر رہ گئے ہیں، وہ اپنے وطن لوٹنا چاہتے ہیں''۔

میرا نے ہاتھ جوڑ کر پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ خواہ ان سے محبت کرتے ہوں یا نفرت، لیکن اس وقت ان کے اور یہاں پھنسے ہوئے دیگر پاکسانیوں کے لئے دعا کریں کہ وہ اپنے وطن خیریت سے پہنچ جائیں۔

ایک سوال پر میرا نے بتایا کہ انھوں نے پہلی بار رمضان ٹرانسمیشن میں کام کی حامی بھری تھی۔ لیکن، چونکہ سماجی فاصلہ رکھنے کا حکم ہے اور لگتا نہیں کہ وہ وقت پر پاکستان پہنچ سکیں۔ انھوں نے رمضان ٹرانسمیشن کی بڑی تیاری کی تھی اور بہت ساری کتابیں پڑھی تھیں۔ لیکن موجودہ حالات میں لگتا نہیں کہ وہ یہ ٹرانسمیشن کر سکیں۔

میرا کی مدد کی اپیل کے جواب میں نیویارک میں تعینات وائس قونصل جنرل نعیم چیمہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ میرا سمیت شہر میں 400 کے قریب پاکستانی وطن لوٹنے کے منتظر ہیں، جن میں سے جس کسی نے بھی قونصلیٹ سے رابطہ کیا ان کی ضرورت کے مطابق اس کی مدد کی گئی، جن کو رہائش کی ضرورت تھی ان کی رہائش کا انتظام کیا گیا، جنھیں گروسری اور ادویات کی ضرورت تھی انھیں یہ اشیا فراہم کی گئیں۔

نعیم چیمہ نے بتایا کہ میرا سمیت تمام پھنسے ہوئے لوگوں کی واپسی آئندہ چند دنوں میں شروع ہوجائے گی۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے قطر ایئر نے اپنی پرواز 26 اپریل کو ڈیلس سے روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے، اور اس کے بعد دیگر پروازیں بھی روانہ ہونے والی ہیں۔

XS
SM
MD
LG