امریکہ کے وزیر دفاع جم میٹس نے جمعرات کے روز بتایا کہ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیا سے متعلق حکمت عملی کے تحت مزید فوجی أفغانستان بھیجنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔
خبررساں ادارے روئیٹرز کے مطابق وزیر دفاع نے کہا ہے کہ میں نے احکامات پر دستخط کر دیے ہیں، لیکن یہ سلسلہ ابھی مکمل نہیں ہوا۔ یہ بات دوسرے لفظوں میں اس طرح کہی جا سکتی ہے کہ میں نے کچھ احکامات پر دستخط کیے ہیں جن کے تحت امریکی فوجی أفغانستان جائیں گے اور اب ہم اس مقصد کے لیے مخصوص فوجیوں کا انتخاب کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع میٹس نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اس کا مقصد أفغان فورسز کی مدد کرنا ہے تا کہ وہ عسکریت پسندوں کے ساتھ زیادہ موثر طور پر لڑ سکیں۔ مثال کے طور پر اب أفغان فورسز کے پاس پہلے سے زیادہ امریکی فوجی مشیر ہوں گے، ان کے لیے زیادہ تربیت کار ہوں گے اور انہیں پہلے کے مقابلے میں زیادہ بمباری کی مدد حاصل ہو گی۔