رسائی کے لنکس

سانحہٴ مستونگ کے خلاف احتجاجی دھرنے ختم


دھرنے کے خاتمے کا اعلان کوئٹہ میں ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین، عبدالخالق ہزارہ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اطلاعات پرویز رشید کی سانحے کے ملزمان کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کے بعد کیا

پاکستان کے مختلف شہروں میں سانحہٴمستونگ کے خلاف گزشتہ تین روز سے جاری دھرنا جمعرات کی رات ختم ہوگیا۔ دھرنے کے خاتمے کا اعلان کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے سربراہ اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اطلاعات پرویز رشید کی سانحے کے ملزمان کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کے بعد کیا۔

اعلان کے ساتھ ہی، جمعہ کی صبح 10 بجے سانحے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کے لئے انتظامات شروع کردیئے گئے، جبکہ موقع سے میتیں بھی اٹھائی جارہی ہیں۔

اعلان کے مطابق، مذکورہ وزراٴ کی جانب سے سانحہٴمستونگ کے خلاف لاشوں کے ہمراہ دھرنا دینے والے ہزارہ برادری کے عمائدین اور شیعہ رہنماوٴں سے مذاکرات کے دوران اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سانحے میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

مذکرات کوئٹہ میں واقع علمدار روڈ پر ہوئے، جہاں 21جنوری سے مسلسل دھرنا جاری تھا۔

مذاکرات کے بعد، میڈیا سے بات چیت میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ’ہم یقین دلاتے ہیں کہ مستونگ واقعہ کے ذمے دار دہشت گردوں کو چھوڑا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی‘۔

وفاقی وزراٴ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات پر مذاکرات کی غرض سے کوئٹہ گئے تھے۔ اس دوران، انہوں نے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ سے بھی ملاقات کی۔

ہزارہ برادری کے سربراہ، عبدالخالق ہزارہ نے کوئٹہ کی طرح، دیگر شہروں میں ہونے والے دھرنے بھی ختم کرنے کی اپیل کی۔ عبدالخالق کے مطابق، میتوں کی تدفین کل ہزارہ قبرستان کوئٹہ میں کی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG