رسائی کے لنکس

پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں یوم آزادی کی تقریب


تقریب میں قرآن پاک کی تلاوت کے بعد کوئٹہ دھماکے کے شہداء اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جو بھارتی حکومت کے مظالم کا شکار ہیں۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پاکستان کے 70 ویں یوم آذادی کے موقع پر اتوار کی صبح ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی ہے۔

جشن آزادی کی خصوصی تقریب کی میزبانی کے فرائض ہائی کمشنر سید ابن عباس نے ادا کئے۔ انھوں نے تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے کیا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔

تقریب میں خاص طور پر پاکستانی نژاد کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی اس کے علاوہ پاکستان کے بہت سے برطانوی دوستوں اور برطانوی حکومت کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی ہے۔

تقریب میں قرآن پاک کی تلاوت کے بعد کوئٹہ دھماکے کے شہداء اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جو بھارتی حکومت کے مظالم کا شکار ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور صدر ممنون حسین کے خصوصی پیغامات پڑھے گئے۔

دونوں سربراہان نے اپنے پیغامات میں تمام قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور دوٹوک الفاظ میں اس بات کا اعلان کیا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

ہائی کمشنر سید ابن عباس نے اپنی تقریر میں سب سے پہلے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، شاعر مشرق علامہ اقبال تحریک آزادی کےجیالوں اور آزادی کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انھوں نے اس موقع پر پاکستان کی مثبت اقتصادی، سماجی اور سیاسی پیش رفت کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ترقی کی طرف جا رہی ہے اور حال ہی میں پاکستان نے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کی لیگ میں شمولیت اختیار کی ہے۔

انھوں نے اپنے پیغام میں پاکستان کے معصوم شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے شہداء کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنھوں نے اپنی زندگیاں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہاری ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی مظالم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہائی کمشنر ابن عباس نے کشمیر میں بھارتی حکومت کے آپریشن کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

انھوں نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس برس کے یوم آزادی کو کشمیر کی آزادی کے نام کیا ہے اور آج ہائی کمشنر پاکستان کی طرف سے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا جاتا ہے۔

سید ابن عباس نے اس موقع پر ایک یادگاری لوگو کی نقاب کشائی کی، جو ایک پاکستانی طالب علم شاکر خان نے تیار کیا ہے جسے آئندہ برس پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر استعمال کیا جائے گا۔

جشن آزادی کے رنگ اس وقت اور بھی نکھر گئے جب مقامی فنکاروں نے ملی نغمے پیش کئے اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار قوم سے بے حد داد وصول کی۔

ہائی کمیشن لندن کی عمارت کے باہر پاکستانی ٹرک آرٹ سے مزین ایک بس کا نمونہ بھی رکھا گیا تھا جس نے خاص طور پر بچوں کی بے پناہ توجہ حاصل کی۔

ہائی کمشنر سید ابن عباس اور ان کی اہلیہ نے پاکستان کی یوم آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا اور بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔

یوم آزادی کے سلسلے میں اسی طرح کی تقریبات برمنگھم، مانچسٹر، بریڈ فورڈ اور گلاسگو کے قونصل خانوں میں بھی منعقد کی گئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG