رسائی کے لنکس

وادی نیلم: جنگ بندی لائن پر کشیدگی، سیاحوں کے داخلے پر پابندی


کیرن، نیلم
کیرن، نیلم

نیلم کے ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد فرید نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا ہے کہ اس واقعہ کے بعد علاقے میں موجود ہزاروں سیاحوں نے اپنے قیام میں توسیع نہیں کی

وادی نیلم میں حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز بھارتی فوج کی طرف سے پاکستان آرمی کی ایک گاڑی کو نشانہ بنانے کے بعد وادی نیلم میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اتوار کے روز بھارتی فوج نے وادی نیلم میں کیرن کے مقام پر پاکستان آرمی کے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں چار فوجی مارے گئے تھے اور ایک ایک عام شہری زخمی ہوگیا تھا، جبکہ گاڑی دریا میں گرگئی تھی۔

نیلم کے ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد فرید نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا ہے کہ اس واقعہ کے بعد علاقے میں موجود ہزاروں سیاحوں نے اپنے قیام میں توسیع نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فائرنگ کے باعث دریا میں ڈوبنے والے چار پاکستانی فوجیوں میں سے اب تک صرف ایک کی لاش نکالی جا سکی ہے اور باقیوں کی تلاش کے لئے ٹییمیں سرگرداں ہیں۔

کشمیر کو تقسیم کرنے والی حد بندی لائن پر واقع وادی نیلم سرسبز و شاداب پہاڑوں، ندی نالوں اور جھیلوں کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ لیکن، کنٹرول لائن پر متحارب افواج کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے سیاح وادی سے واپس چلے جاتے ہیں۔

وادی نیلم میں عینی شاہدوں نے بتایا ہے کہ کنٹرول پار سے فوجی گاڑی پر فائرنگ کے بعد سیاحوں نے خوف و ہراس کے عالم میں علاقے سے نکلنا شروع کر دیا تھا۔

بھارتی فوج کی طرف سے گزشتہ ہفتے کہا گیا تھا کہ کیرن سیکٹر میں پاکیستانی فوج نے اس کے دو فوجیوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا ہے۔ اور اسی علاقے میں گزشتہ برس نومبر کے مہینے میں بھارتی فوج کی طراف سے ایک مسافر کوچ پر فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور گیارہ زخمی ہو گئے تھے۔

حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پونچھ سیکٹر میں کشیدگی کی وجہ سے منقسم کشمیر کے علاقے راولاکوٹ اور پونچھ کے درمیان تیتری نوٹ کے راستے چلنے والے والی ہفتہ وار بس سروس دوہفتوں سے معطل ہے۔

واضع رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان 2003ء میں ہونے والے لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کے معاہدے کے باوجود فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ وقتاً فوقتاً جاری رہتا ہے، جسکی خلاف ورزی کا الزام دونوں ملک ایک دوسرے پر عائد کرتے رہتے ہیں۔

کشمیر کا علاقہ شروع سے ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازعہ چلا آرہا ہے، بھارت اسے اپنا اٹوٹ انگ اور پاکستان اسے اپنی شہ رگ قرار دیتا ہے۔

وادی نیلم میں فوجی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد پیر کے روز پاکستان اور بھارت کے ڈائکٹر جنرل ملٹری آپریشن کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے اور پاکستان کی طرف سے کیرن سیکٹر میں فوجی گاڑی پر فائرنگ سے چار فوجیوں کی موت اور ایک شہری کے زخمی ہونے پر احتجاج کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG