رسائی کے لنکس

کنٹرول لائن پر امن کے باعث پاکستانی کشمیر میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ


کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان تقسیم کرنے والی جنگ بندی لائن پر گزشتہ کئی مہینوں سے جاری، مجموعی طور پر، امن کی وجہ سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد سرحدی علاقوں کے سیاحتی مقامات کی طرف رخ کر رہی ہے۔

پاکستانی کشمیر میں داخل ہونے والے زیادہ تر سیاحوں کی آخری منزل 'لائن آف کنٹرول' پر واقع وادی نیلم ہے۔

گزشتہ برس موسم گرما کے پہلے تین ماہ میں لاکھوں سیاحوں نے وادی نیلم کی سیر کی۔

محکمہ سیاحت کے حکام نے 'وائس آف امریکہ' کو بتایا ہے کہ گزشتہ برس 'سیز فائر لائن' کے بعض سیکڑوں میں گولہ باری اور نیلم میں ہونے والے فائرنگ کے ایک واقع کے باوجود 15 لاکھ سیاحوں نے پاکستانی کشمیر کے مختلف سیاحتی علاقوں کی سیر کی اور ان میں 40 فیصد سے زائد نے وادی نیلم کا رخ کیا۔

پاکستانی کشمیر کے محکمہ سیاحت کے ناظم اعلیٰ جاوید ایوب نے 'وائس آف امریکہ' کو بتایا کہ کنٹرول لائن پر امن کے باعث اس برس گزشتہ سال سے زیادہ سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔

جاوید ایوب نے بتایا کہ سیاحوں کے لیے نئے سیاحتی مقامات متعارف کروا رہے ہیں۔

واضع رہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں درجنوں مقامات سیاحت کے لیے مشہور ہیں، جن میں وادی نیلم، جہلم ویلی، وادی لیپہ، ڈھیر کوٹ، بنجوسہ، گنگا چوٹی، پیر چناسی اور سدھن گلی موسم گرما میں سیاحت کے لئے مشہور ہیں؛ جن میں بعض جنگ بندی لائن پر واقع ہیں، جہاں پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان گاہے بگاہے گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG