کراچی ۔۔۔ ہالی وڈ کے میگا اسٹار لیونارڈو ڈی کیپریو دنیا بھر میں دل کی دھڑکن کے طور پر جانے اور پہنچانے جاتے ہیں۔ لیکن، یہ بات شاید بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ لیونارڈو ماحولیات کے تحفظ کے بھی بڑے علمبردار ہیں، اور اسی لئے، انہیں اقوام متحدہ نے ماحولیات کے لئے ’امن کا پیامبر‘ یعنی ’میسنجر آف پیس‘ مقرر کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے، ’رائٹرز‘ کے مطابق، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے لیونارڈو ڈی کیپریو کو ’امن کا پیامبر‘ مقرر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ، ’لیونارڈو نہ صرف عالمگیر شہرت رکھنے والے ایکٹر ہیں، بلکہ وہ ماحولیات کے تحفظ کے لئے اپنی آرگنائزیشن کے ذریعے بڑی خدمات بھی انجام دے رہے ہیں اور اِسی بنا پر انہیں اقوام متحدہ نے اس اعزاز کے لئے چنا ہے۔‘
لیونارڈو نے اپنی عزت افزائی کو بڑا اعزاز قرار دیا۔ اپنے بیان میں لیونارڈو کا کہنا تھا کہ وہ انسانی تاریخ کے اس نازک موڑ پر ماحولیات کے تحفظ اور آنے والے وقتوں میں نسل انسانی اور زمین کو ماحولیاتی بحران سے بچانے کے لئے آواز اٹھانا اور کوششیں کرنا اپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
ہالی وڈ کے اسٹارز آڈرے ہیپ برن اور انجلینا جولی بھی اقوام متحدہ کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق، اس وقت 11میسنجر آف پیس اور ایک گڈ ول ایمبسڈر مختلف اصول کے لئے اقوام متحدہ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ان میں ایکٹر مائیکل ڈگلس، چارلیز تھرون اور ایلی ویزل بھی شامل ہیں۔
لیونارڈو کو ایک ایسے وقت میں اقوام متحدہ کا میسنجر آف پیس مقرر کیا گیا ہے جب وہ ایک ڈاکیومنٹری کے حوالے سے تنازع کا شکار ہیں۔
لیونارڈو نے اپنی ڈاکیومنٹری میں ریت کی کھدائی کے بارے میں فلم بنانے کا اعلان کیا ہے، جس میں بقول لیونارڈو کے، وہ سینڈ مائننگ سے کمیونٹیز، پانی، زمین اور وائلڈ لائف کو پہنچنے والے نقصان کو اجاگر کریں گے۔
ریسرچ کے لئے، انہوں نے ڈائریکٹر ڈیرن آرونوسکی کے ساتھ کینیڈا کے صوبے البرٹا کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں کینیڈین حکام کی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔۔