ٹی وی سیریز ’اسٹار ٹریک‘ سے دنیا بھر کے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنانے والے لیجنڈری اداکار لیونارڈ نموئے انتقال کرگئے۔ اس شہرہ آفاق سیریز میں انہوں نے کیپٹن اسپوک کا لافانی کردار اداکیا تھا۔
ان کی عمر 83 سال تھی۔ انتقال کی خبر ان کی اہلیہ سوسن نموئے نے ’نیو یارک ٹائمز‘ کو دی۔ وہ کافی عرصے سے سانس کے مرض میں مبتلا تھے اور پچھلے ہفتے بھی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ تاہم، ان کا انتقال جمعہ کی صبح لاس اینجلس میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔
برطانوی اخبار ’گارجین‘ کا کہنا تھا کہ نموئے کی موت پر پوری فلم انڈسٹری سوگوار ہے؛ جبکہ ان کے ساتھی فنکاروں نے نموئے کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے۔
ٹی وی سیریز ’اسٹار ٹریک‘؛ میں ہی کیپٹن کرک کا کردار ادا کرنے والے فنکار ولیم شٹنر نے فیس بک پر اپنے تاثرات کا اظہار ان الفاظ میں کیا ہے: ’ہم انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ان کا ذوق، حس مزاح، ان میں موجود بے پناہ صلاحیتیں اور کبھی ختم نہ ہونے والی محبت بھلائی نہیں جاسکتی۔‘
ایک اور ساتھی فنکار جارج تکی جنہوں نے سولو کا کردار اداکیا تھا، کا کہنا ہے کہ، ’دنیا نے آج ایک عظیم انسان اور ایک عظیم دوست کو کھودیا ہے۔ میرے پاس انہیں یاد رکھنے کے بہت سے بہانے ہیں۔‘
نموئے نے پچھلے سال ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ ایک دیرینہ مرض سے زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی سانس کی بیماری کو سگریٹ کی دین بتایا تھا، حالانکہ وہ کافی عرصہ پہلے سگریٹ نوشی ترک کرچکے تھے۔ تاہم، پچھلے ہی ہفتے انہوں نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں ’ٹوئٹ‘کیا تھا کہ ’میں نے 30 سال پہلے سگریٹ نوشی ترک کردی تھی۔‘
ان کا آبائی شہر بوسٹن تھا، جبکہ انہوں نے یوکرین سے امریکہ ہجرت کی تھی۔ ان کی پہلی سوانح حیات ’آئی ایم ناٹ اسپوک‘ 1977ء میں، جبکہ دوسری سوانح حیات ’آئی ایم اسپوک‘ کے عنوان سے 1995ء میں شائع ہوئی تھی۔
انہوں نے اپنی زندگی کے کچھ سال کیلیفورنیا میں بھی گزارے، جہاں وہ ٹیکسی چلاتے تھے۔ اس کے بعد ڈرامہ ٹیچر کی حیثیت سے بھی انہوں نے کچھ عرصہ خدمات انجام دیں۔ یہ ان کی شہرت والی زندگی سے پہلے جدوجہد کے دور کا واقعہ ہے۔
’اسٹار ٹریک‘ دنیا کے انگنت ٹی وی چینلز سے گاہے بگاہے پیش ہوتی رہی ہے۔
اپنے دور میں اس کے سامنے کوئی اور ٹی وی سیریز شہرت کی بلندیوں پر ٹک
ہی نہیں سکی۔
انہوں نے ڈائریکشن بھی دی اور اسٹار ٹریک کے دو فیچرز ڈائریکٹ کئے جبکہ 1987ء میں انہوں نے ’تھری مین اینڈ اے بے بی‘ میں کامیڈی بھی کی۔ بہت سی اینی میٹیڈ فلموں میں انہوں نے اپنی آواز کا جادو بھی جگایا۔ یہ فلمیں ’ہسٹری‘ چینل سے بھی دکھائی جاتی رہی ہیں۔