رسائی کے لنکس

معروف فیشن ڈیزائنر آسکر ڈی لا رینتا انتقال کر گئے


گزشتہ ماہ ہی ان کا ڈیزائن کردہ گاؤن امل علیم الدین نے ہالی ووڈ اداکار جارج کلونی سے شادی کے روز پہنا تھا۔

معروف فیشن ڈیزائنر آسکر ڈی لا رینتا 82 سال کی عمر میں پیر کو انتقال کر گئے۔ ان کا شمار فیشن ڈیزائنرز کی انتہائی معتبر شخصیات میں ہوتا تھا۔

ہسپانوی زبان کے ایک ٹی وی نیٹ ورک "یونی ویژن" کے مطابق وہ تقریباً گزشتہ دس سال سے سرطان کے عارضے میں مبتلا تھے۔

ڈومینیکن ریپبلک میں پیدا ہونے والے آسکر 1960 کی دہائی میں اس وقت بین الاقوامی سطح پر پہچانا جانے لگا جب انھوں نے امریکی خاتون اول جیکولین کینیڈی کے ملبوسات ڈیزائن کیے۔

2013ء میں برطانوی اخبار "دی ٹیلی گراف" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈی لا رینتا کا کہنا تھا کہ " اسٹائل ایک قاعدہ ہے، اگر آپ روز اچھا لباس نہیں پہنتے تو آپ کو اس کی عادت نہیں رہے گی۔ یہ اس بارے میں نہیں کہ آپ کیا پہنتے ہیں بلکہ آپ اپنی زندگی کیسے گزارتے ہیں۔"

ان کے تیار کردہ ملبوسات میں سب سے خاص ایسے گاؤنز تھے جو پیچھے کی جانب اپنے مخصوص پھیلاؤ کے باعث اسے پہننے والوں کے ساتھ ریڈ کارپٹ پر رپٹتے ہوئے دکھائی دیتے تھے۔

گزشتہ ماہ ہی ان کا ڈیزائن کردہ گاؤن امل علیم الدین نے ہالی ووڈ اداکار جارج کلونی سے شادی کے روز پہنا تھا۔

آسکر ڈی لا رینتا کے پسماندگان میں ایک بیوہ اور تین بچے شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG