رسائی کے لنکس

آئیوری کوسٹ میں لینڈ سلائیڈنگ، کم ازکم 13 افراد ہلاک


آئیوری کوسٹ میں لینڈ سلائیڈنگ سے کئی مکان دب گئے۔ 18 جون 2020
آئیوری کوسٹ میں لینڈ سلائیڈنگ سے کئی مکان دب گئے۔ 18 جون 2020

آئیوری کوسٹ کے مرکزی شہر ابیدجان کے مضافات میں شدید بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے پھسلنے کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

آئیوری کوسٹ کے وزیر دفاع نے بتایا کہ مٹی کے تودے گرنے کا واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا۔

آئیوری کوسٹ کے موسمیات کے ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حادثہ ابیدجان کے شمالی مضافاتی علاقے میں ہوا، جس کی وجہ معمول سے تین گنا زیادہ بارشیں ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بارشیں 12 اور 15 جون کے درمیان ہوئیں۔

وزیر دفاع حامد باکایوکو نے صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 13 ہے۔

مضافاتی علاقے اینیاما کے میئر امیدو سیلا نے رائٹرز کو بتایا کہ ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ ہمارا اندازہ ہے کہ کم ازکم 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کیونکہ بہت سے مکان مٹی کے تودوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں، جہاں تلاش کاکام جاری ہے۔

بارشوں کے موسم میں ابیدجان میں لینڈسلائیڈنگ اور ہلاکت خیز طغیانیوں کے واقعات عموماً پیش آتے رہتے ہیں۔ اس علاقے میں اپریل سے اکتوبر کے اختتام تک بارشیں ہوتی ہیں۔ طغیانیوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات اکثر ان آبادیوں میں پیش آتے ہیں جو پہاڑی علاقوں کے قریب واقع ہیں۔

اس ہفتے کے دوران ملک کے دوسرے حصوں میں بھی شدید بارشیں ہوئی ہیں جس سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ آئیوری کوسٹ دنیا بھر میں سب سے زیادہ کوکا پیدا کرنے والا ملک ہے۔

ملک کے مغربی حصے سوبرے میں، جہاں سب سے زیادہ کوکا کی کاشت ہوتی ہے، کسانوں کا کہنا ہے کہ بارشیں اتنی شدید تھیں کہ اس سے کوکا کے نئے پودوں اور پھولوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ جو فصل کاٹ چکے ہیں، وہ بارشوں سے بری طرح بھیگ گئی ہے۔ چونکہ موسم مسلسل ابرآلود ہے، اس لیے بیجوں کے خشک ہونے کا امکان نہیں ہے، جس سے وہ اپنی فصل کی بہتر قیمت وصول نہیں کر پائیں گے۔

ایک کاشت کار سلامے کونے نے بتایا کہ اس بار بارشیں زیادہ ہو رہی ہیں۔ اگر یہ جاری رہتی ہیں تو ان کے فارم ڈوب جائیں گے۔

رائٹرز کے اعداد و شمار کے مطابق بدھ کے روز تک 230 ملی میٹر کے لگ بھگ بارش ہو چکی تھی، جو پانچ سال کی اوسط 175 ملی میٹر سے زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG