کینیا کے شمال مغربی علاقے میں خلاف معمول شدید بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے پھسلنے سے کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں 7 بچے بھی شامل ہیں۔
علاقے کے گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ بارش جمعے کو یوگنڈا کی سرحد کے قریب مغربی پوکٹ کنٹری میں شروع ہوئی جو رات بھر جاری رہی اور اس میں شدت آتی گئی۔ بارش کے نتیجے میں علاقے میں سیلاب آ گیا اور مٹی کے تودے پھسلنے لگے، جن کی زد میں آ کر چار پل بہہ گئے اور موینو نامی گاؤں سب سے زیادہ متاثر ہوا، جس کا سڑک کے ساتھ رابطہ نہیں ہے۔
گورنر جان لانگیان گاپو نے رائٹرز کو بتایا کہ لوگ سیلابی پانی میں پھنس گئے ہیں اور پورے گاؤں کے تباہ ہونے کا خطرہ ہے۔ گورنر نے بتایا کہ وہ علاقے کا سروے کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر کا انتظار کر رہے ہیں۔
گورنر نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور سڑک پر 500 سے زیادہ گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جنہیں لینڈ سلائیڈنگ سے نقصان پہنچا ہے۔
گورنر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے گیارہ ایک ہی مکان کے اندر ہلاک ہوئے۔
موسمیات کے ماہرین نے مشرقی افریقہ میں خراب موسم سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔
اس مہینے کے شروع میں مشرقی افریقہ میں شدید بارشوں اور سیلابوں کی زد میں آ کر 50 سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے تھے۔
نومبر کے شروع میں کینیا کے محکمہ موسمیات نے معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا۔