رسائی کے لنکس

راجہ پرویز اشرف کو انتخابات میں حصہ لینے کی مشروط اجازت


راجہ پرویز اشرف کا نام انتخابات میں بطور امیدوار فہرست میں شامل کرنے کے بھی احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو انتخابات میں حصہ لینے کی مشروط اجازت مل گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کا نام انتخابات میں بطور امیدوار فہرست میں شامل کرنے کے بھی احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

جمعرا ت کو لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے راجہ پرویز اشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ پرویز اشرف کی جانب سے سابق وزیر ِقانون فاروق ایچ نائیک، لطیف کھوسہ، احسن بھون اور عابد ساقی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے سماعت کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں مشروط طور پر انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو کہا ہے کہ وہ سابق وزیراعظم کا نام انتخابات میں حصہ لینے والوں کی حتمی فہرست میں شامل کرلے۔ کمیشن کو اس حوالے سے آئندہ پیر تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔

اس سے قبل الیکشن ٹریبونل نے پرویز اشرف کے کاغذات ِنامزدگی توہین ِعدالت کیس اور کرائے کے بجلی گھروں کے خلاف دائر مقدمات میں فریق ہونے کی وجہ سے مسترد کر دیئے تھے۔آج کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جب تک سابق وزیراعظم کے مذکورہ مقدمات میں ملوث ہونے کے ثبوت نہیں مل جاتے انہیں انتخابات میں حصہ لینے سے نہیں روکا جاسکتا۔
XS
SM
MD
LG