رسائی کے لنکس

راجہ پرویز اشرف بھی نا اہل، شاہد نذیر اور شاہد آفریدی ’اِن‘ ہو گئے


بُوم بُوم آفریدی بھی ووٹنگ مہم پر نکل کھڑے ہیں ۔۔۔ ووٹ مانگنے کی مہم پر نہیں ۔۔ بلکہ عوام کو ووٹ پر آمادہ کرنے کی مہم پر۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یہ مہم کرنے کے لیے کہا ہے۔

پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز پر بھی ان دنوں انتخابی سرگرمیوں کی خبریں چھائی ہوئی ہیں۔ ہر خبرنامے میں انتخابات سے جڑی کوئی نہ کوئی نئی اور تازہ ترین خبر ضرور ہوتی ہے۔ جیسے آج کی گرم خبریں یہ ہیں کہ ملک کے ایک سابق وزیراعظم اور ایک سابق صدر انتخابی ریس سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ میاں برادران انتخابات لڑنے کے لئے اہل قرار دے دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انتخابی خبروں کی دنیا میں کیا کچھ ہورہا ہے آیئے اس پر ڈالتے ہیں ایک تفصیلی نظر:

پیپلز پارٹی کی حکومت ختم ہوگئی لیکن اس کے وزرائے اعظم کے نااہل ہونے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ یوسف رضا گیلانی کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا تھا تو ان کے بعد وزیراعظم بننے والے راجہ پرویز اشرف بھی آج نا اہل قراردے دیئے گئے۔

پیر کے روز لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے راجہ پرویز اشرف کی طرف سے این اے 51 گوجر خان سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل کی سماعت کی اور آخر کار یہ درخواست مسترد کردی گئی۔ الیکشن ٹریبونل میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالرؤف اور جسٹس مامون الرشید شامل تھے۔ ٹریبونل نے فیصلہ شام کے وقت سنایا جبکہ دوپہر کے وقت یہ فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔

پرویز مشرف کی اپیل بھی خارج،کراچی سے انتخاب نہیں لڑ سکتے
سابق وزیر اعظم کی طر ح سابق صدر پرویز مشرف کی اپیل بھی الیکشن ٹریبونل نے مسترد کردی۔ صدر مشرف نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ 150 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو پہلے ہی مسترد کردیئے گئے تھے تاہم آج اس فیصلے کے خلاف اپیل بھی خارج کردی گئی جس کے بعد سابق صدر کراچی سے انتخابات نہیں لڑ سکیں گے۔

میاں برادران کی گڈی اوپر۔۔
راجہ پرویز اشرف اور پرویز مشرف کے مقابلے میں میاں برادران کی گڈی اوپر ہوگئی ۔۔۔ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات پر داخل کرائے گئے اعتراضات مسترد کردیئے گئے جس کے بعد یہ دونوں انتخابات لڑنے کے اہل قرار دے دیئے گئے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس ناصر سعید شیخ اورجسٹس شاہد وحید پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے اعتراض گزار اور شریف برادران کے وکلا کی جانب سے دلائل سننے کے بعد ان کے خلاف تمام اعتراضات مسترد کردیئے گئے۔

جمشید دستی انتخابات سے قبل ہی مشہور ہوگئے
جمشید دستی کئی حوالوں سے انتخابات سے پہلے ہی خبروں میں آکر خوب نام کما گئے ہیں۔ جعلی ڈگری، گرفتاری، جیل اور اب الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نے انہیں ہر جگہ مشہور کردیا ہے۔ پیر کو لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل کے ملتان بینچ نے ان کے کاغذات نامزدگی پر لگنے والے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 177 اور این اے 178 سے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

جعلی ڈگری کیس میں سزا ملنے کے بعد ریٹرننگ افسر نے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے تاہم لاہور ہائی کورٹ نے آج ان کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں انتخابی عمل میں حصہ لینے کا اہل قرار دیا ۔

بیلٹ پیپر کی چھپائی پر حکم امتناع
سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کی جانب سے دائر درخواست پر کراچی کے 11 انتخابی حلقوں کے لئے بیلٹ پیپر کی چھپائی روکنے پر حکم امتناع جاری کردیا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے عدالت ِعالیہ میں درخواست دائر کی گئی تھی کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف درخواست کی سماعت جاری ہے اس لئے ان انتخابی حلقوں میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کو رکوایا جائے۔

شاہد آفریدی بھی ووٹنگ مہم پر
بُوم بُوم آفریدی بھی ووٹنگ مہم پر نکل کھڑے ہیں۔۔۔ ووٹ مانگنے کی مہم پر نہیں ۔۔ بلکہ عوام کو ووٹ پر آمادہ کرنے کی مہم پر۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یہ مہم کرنے کے لیے کہا ہے۔ آفریدی کا کہنا ہے کہ ووٹ ڈالنا ہر اہل شہری کا قومی فریضہ ہے اور اسی ملک کا شہری ہونے کی حیثیت سے میری ذمہ داری ہے کہ میں اس مہم میں الیکشن کمیشن کی مدد کروں۔۔۔لہذا مہم کے تحت شاہد آفریدی بہت جلد ویڈیو پیغامات کے ذریعے عوام کو ووٹ ڈالنے کی اہمیت بتاتے نظر آئیں گے۔

جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام اور آل پاکستان مسلم لیگ کا انتخابی منشور جاری
عجب اتفاق ہے کہ پرویز مشرف سے سخت مخالفت رکھنے والی دو دینی جماعتوں جمعیت علمائے اسلام اور جماعت اسلامی نے بھی اپنا پارٹی منشور اسی دن جاری کیا ہے جس دن سابق صدر مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ نے اپنا منشور جاری کیا ہے۔ ویسے تو جمعیت علمائے اسلام اور جماعت اسلامی آپس میں بھی سخت سیاسی مخالفت رکھتی ہیں اور سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق اسی مخالفت کے سبب ایم ایم اے ان انتخابات میں کوششوں کے باوجود معرض وجود میں نہیں آسکا۔

سیاسی رہنماؤں کی سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ
وزارت ِداخلہ نے الیکشن کمیشن اور سیاسی رہنماؤں کی سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پیر کو نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب خان کی زیر ِصدارت اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس بھی ہوا جس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال اور سیاسی رہنماوں کی سیکورٹی فول پروف بنانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں خاص طور پر خیبر پختونخوا میں اے این پی کے امیدواروں پر حملوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیر داخلہ ملک حبیب خان نے خاص طور پر اے این پی کے رہنماؤں کی سیکورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔

ون پاوٴنڈ فش والے شاہد نذیر نواز لیگ کے لئے گانا گائیں گے
ون پاوٴنڈ فش گانے والے شاہد نذیرنواز لیگ کی انتخابی مہم کیلئے گانا تیارکررہے ہیں۔ اس بات کا اعتراف انہوں نے خود پیر کے روز کیا ۔ شاہد نذیر کا کہنا ہے کہ وہ مسلم لیگ(ن) کے لئے کچھ گانوں کی تیاری کر رہے ہیں ان گانوں میں سے ایک گانا تقریباً مکمل ہو چکا ہے جس میں میاں نواز شریف کی ملک و قوم کے لئے خدمات کا ذکر کیا گیا ہے۔

شاہد نذیر نے کہا کہ وہ اس گانے کی ویڈیو جلد ہی اپنے قائد نواز شریف کی خدمت میں پیش کریں گے۔ شاہد نذیر لندن کی ایک مارکیٹ میں مچھلی بیچنے کا کام کرتے تھے اور گاہکوں کو اپنی طرف راغب کرنے کے لئے ان کا گایا جانے والا گانا یوٹیوب پر بے حد مقبول ہوا جسے پوری دنیا میں 80 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔ اسی گانے کی بدولت آج انہیں پاکستان کے گھر گھر میں پہنچانا جاتا ہے۔
XS
SM
MD
LG