رسائی کے لنکس

خیبرپختونخوا: بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج؛ جے یو آئی (ف) کو تحریک انصاف پر سبقت


خیبر پختونخوا میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کو حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف پر برتری حاصل ہے۔ پشاور میں، مئر کے اہم عہدے کے ساتھ ساتھ، جے یو آئی (ف) کے امیدوار زیادہ تر تحصیلوں میں بھی چیئرمین کے عہدوں پر منتخب ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے 35 میں سے 17 اضلاع میں اتوار کو ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق جے یو آئی (ف) 19 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے جب کہ (پی ٹی آئی) 15 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آزاد امیدوار ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پشاور، مرادن، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور کوہاٹ کے شہری علاقوں کے میئرز سمیت دیگر اضلاع کی 66 تحصیلوں کے چیئرمین اور 2383 یونین کونسلوں کے عہدیدار منتحب کیے گئے۔

پشاور سمیت مختلف اضلاع کے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کے فراہم کردہ غیر ختمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق خیبر پختونخوا کی سب سے اہم سمجھی جانے والی پشاور میئرشپ کی نشست جے یو آئی (ف) کے حصے میں آئی ہے جہاں محمد زبیر نے پی ٹی آئی کے امیدوار رضوان بنگش کو شکست دی ہے۔

محمد زبیر جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے داماد اور ضلع پشاور کے سابق ناظم حاجی غلام علی کے فرزند ہیں۔

تحریک انصاف نے کسی بھی شہر کے میئر کی نشست پر کامیابی حاصل نہیں کی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار تقریباً سات اہم نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں جن میں مردان کے میئر کی نشست بھی شامل ہے۔

غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق حزب اختلاف میں شامل پاکستان مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی کو بھی تین تین تحصیلوں میں چیئرمین کے عہدوں پر کامیابی ملی ہے۔

صوبے کے 17 اضلاع میں اتوار کو ہونے والے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور اب تک بہت سے حلقوں میں یونین کونسل اور تحصیل کونسل کی سطح پر ہونے والے انتخابات کے نتائج میں تاخیر ہے۔

صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے انتخابی عمل کو شفاف اور غیر جانب دار قرار دیا ھے جب کہ حزبِ اختلاف میں شامل عوامی نیشنل پارٹی، جے یو آئی (ف) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کے ان دعووں کو مسترد کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے دعوٰی کیا ہے کہ حکمران جماعت کو سترہ میں سے 12 اضلاع میں کامیابی ملی ہے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی نے آٹھ، جماعت اسلامی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دو دو نشستیں حاصل کی ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مضبوط گڑھ چار سدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کو جمیعت علمائے اسلام (ف) کے امیدواروں نے شکست دی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان 24 دسمبر کو کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے کے انتخابات میں تشدد کے واقعات میں سات سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تشدد کے ان واقعات میں افغانستان سے ملحقہ قبائلی ضلع باجوڑ میں عوامی نیشنل پارٹی کے ایک رہنما کی گاڑی پر بم حملہ، جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں اسی جماعت سے تعلق رکھنے والے امیدوار کا گھات لگا قتل بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG