رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا کی متنازع سرحد کے ساتھ فوجی مشقیں


جنوبی کوریا کی متنازع سرحد کے ساتھ فوجی مشقیں
جنوبی کوریا کی متنازع سرحد کے ساتھ فوجی مشقیں

جنوبی کوریا کی فوج نے شمالی کوریا سے منسلک متنازع آبی سرحد کے ساتھ پیر کے روز پانچ روزہ فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا۔

شمالی کوریا کی سرحد کے ساتھ یہ مشقیں ایک ایسے وقت میں ہورہی ہیں جب دونوں کوریاؤں کے تعلقات میں شدید تناؤ پایا جاتا ہے۔

جنوبی کوریا کے وزارت دفاع کے عہدے داروں کا کہناہے کہ پیر کے روز کی دو گھنٹوں پر مشتمل مشق ، جس میں توپ خانے اور ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا ، شمالی کوریا کی جانب سے کسی فوری ردعمل کے بغیر اختتام پذیر ہوگئی۔

پیر کی صبح شمالی کوریا کے ایک ریڈیو نشریے میں جنوبی کوریا کے فرنٹ لائن کے جزائر کے رہائشیوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ کسی ردعمل میں ممکنہ گولہ باری سے بچنے کے لیے علاقہ خالی کردیں۔

جنوبی کوریا اور امریکی نیوی کے دستے اس ہفتے بحیرہ زرد میں مشترکہ آب دوز شکن مشقیں کررہے ہیں۔ جب کہ اس سے ایک ہفتے کے بعد بڑے پیمانے کی سالانہ فوجی مشقیں ہوں گی جن میں دونوں ممالک کے ہزاروں فوجی حصہ لیں گے۔

جنوبی کوریا ، متنازع سرحد کے ساتھ فرنٹ لائن کے جزائر میں باقاعدگی سے توپ خانے کی مشقیں کرتا ہے۔ 2010ء کے آخر میں ایک ایسی ہی مشق کے نتیجے میں شمالی کوریا کی گولہ باری سے جنوبی کوریا کے ایک جزیرے پر چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

امریکی فوجی عہدے داروں کا کہناہے کہ جنوبی کوریا کی فوجی مشقوں کے خلاف ردعمل ایک معمول کی بات ہے۔

XS
SM
MD
LG