رسائی کے لنکس

تیونس: ’جمہوریت اور وسیع تر شراکت داری کی عمدہ مثال‘


امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس سال تیونس کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کے نتیجے میں ملک کو زیادہ مستحکم، خوشحال اور جمہوری طرز کا مستقبل میسر آئے گا

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے تیونس میں منعقدہ انتخابات کی کامیاب تکمیل پر منتخب صدر، الباجی قائد سبسی اور تیونیسیا کے عوام کو مبارک باد دی ہے۔ انتخابات کا مقصد گذشتہ جنوری میں منظور کیے گئے آئین کے تحت انتخابی عمل کے ذریعے نئی منتخب حکومت کی تشکیل کی راہ فراہم کرنا تھا۔

پیر کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں، اُنھوں نے کہا کہ تیونس نےخطے اور دنیا کے لیے ایک روشن مثال قائم کی ہے، کہ جمہوریت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے، کثرت رائے سے اور تمام سیاسی گروہوں کی شمولیت کے ذریعے کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

کیری نے منصفانہ انتخابی کمیشن کو بھی مبارکباد پیش کی ہے، جس نے اس سال پارلیمان اور صدر منتخب کرنے کے لیے،جمہوری طور پر ایک انتہائی پیچیدہ اور چیلنجوں سے بھرپور عمل کو کامیابی سے ہمکنار کر دکھایا۔

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس سال تیونس کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کے نتیجے میں ملک کو زیادہ مستحکم، خوشحال اور جمہوری طرز کا مستقبل میسر آئے گا۔

اُنھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط کرنے اور دوستانہ ناطوں اور اسٹریٹجک ساجھے داری کو فروغ دینے کے لیے، منتخب صدر قائد سبسی، تیونسیا کے نئے پارلیمان اور حکومت کے ساتھ کام کرنے کے متمنی ہیں۔

بقول اُن کے، ’ایسے میں جب تیونس دنیا کی جمہوریتوں کے حلقے میں شامل ہو رہا ہے، امریکہ تیونس کی حمایت جاری رکھے گا، اور ہم بین الاقوامی برادری کے دیگر ارکان پر بھی یہی طرزِ عمل اپنانے پر زور دیں گے‘۔

XS
SM
MD
LG