رسائی کے لنکس

کیری پیر کو یوکرین روانہ ہوں گے: محکمہٴخارجہ


فائل
فائل

’نیو یارک ٹائمز‘ نے ایک اعلیٰ سرکاری اہل کار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یہ دورہ یوکرین کی نئی حکومت کے لیے حمایت کا اظہار ہوگا

یوکرین کی نئی حکومت کے رہنماؤں سے بات چیت کے لیے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری پیر کے روز کئیف کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ اعلیٰ ترین امریکی سفارت کار نے یہ بات ٹوئیٹ کیے گئے ایک پیغام میں کی ہے۔

ساتھ ہی، محکمہٴخارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کیری یوکرین کی نئی حکومت کے اعلیٰ نمائندوں، یوکرینی پارلیمان کے قاعدین، اور سول سوسائٹی کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ یوکرین کے حق حاکمیت، آزادی، علاقائی یکجہتی اور بغیر کسی بیرونی مداخلت یا اشتعال انگیزی کے یوکرین کے عوام کو اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کے حق کے سلسلے میں ٹھوس امریکی حمایت کا اعادہ کریں گے۔

اپنے پیغام میں، جان کیری نے کہا ہے کہ وہ پیر کو یوکرین روانہ ہوں گے، جہاں وہ منگل کو بات چیت کریں گے۔

’نیو یارک ٹائمز‘ نے ایک اعلیٰ سرکاری اہل کار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یہ دورہ یوکرین کی نئی حکومت کے لیے حمایت کا اظہار ہوگا۔

انتظامیہ کے اعلیٰ عہدے داروں نے بتایا ہے کہ اتوار ہی کے روز، صدر براک اوباما نے جرمن چانسلر آنگلہ مرخیل، برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور پولینڈ کے صدر برونسلو کومورسکی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اِن مذاکرات کا مقصد روس کی طرف سے یوکرین کے خلاف کسی اقدام کو ’مکمل طور پر ناجائز‘ قرار دینا تھا۔
XS
SM
MD
LG