رسائی کے لنکس

صومالیہ میں 60 شدت پسند ہلاک: کینیا


کینیا کی فوج نے الشباب سے منسلک شدت پسندوں کے خلاف کارروائی خفیہ معلومات کی روشنی میں کی۔
کینیا کی فوج نے الشباب سے منسلک شدت پسندوں کے خلاف کارروائی خفیہ معلومات کی روشنی میں کی۔

کینیا نے کہا ہے کہ صومالیہ میں القاعدہ سے منسلک عسکریت پسندوں کے خلاف کی گئی فضائی کارروائیوں میں کم از کم 60 شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ صومالیہ کے جنوب مغربی علاقے گیڈو میں جمعہ کو ہونے والے حملوں میں مارے گئے جنگجوؤں کا تعلق الشباب تنظیم سے تھا۔

ترجمان نے ہفتہ کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں بتایا کہ یہ حملے فوج کو شدت پسندوں کے ٹھکانوں کے بارے میں معلومات موصول ہونے کے بعد کیے گئے اور ان میں ہونے والی ہلاکتوں میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔

دریں اثنا برطانیہ کا کہنا ہے کہ اس کے خیال میں کینیا میں دہشت گردی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ کے خیال میں دہشت گرد ’’حملوں کی منصوبہ بندی کے آخری مراحل میں ہیں‘‘۔

بیان میں متنبہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردانہ حملے بلا امتیاز ہو سکتے ہیں اور ان میں غیر ملکیوں اور سیاحوں میں مشہور مقامات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

صومالیہ میں ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ الشباب کے شدت پسند گیڈو کے علاقے بردھوبو (Buurdhuubo) سے نکل گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مسلح شدت پسندوں کے اس علاقے سے نکلنے کے بعد عبوری حکومت کی فوج نے کینیا کی سکیورٹی فورسز کی مدد سے علاقے میں پیش قدمی بھی کی ہے۔

XS
SM
MD
LG