بھارتی زیر ِ انتظام کشمیر میں ایک بدترین بس حادثے میں کم سے کم 25مسافر ہلاک اور 15زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 12طلبا بھی شامل ہیں جو اسکول میں دِن بھر کی پڑھائی کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔
یہ حادثہ سری نگر جموں شاہراہ پر ٹگڈول کے مقام پر اُس وقت پیش آیا جب ایک منی بس، جِس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے، اچانک الٹ کر 400فٹ گہرے نالے میں جا گِری۔
دیکھنے والے کہتے ہیں کہ حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ مسافر گاڑی ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی اور اُس میں سوار مسافر ، جِن میں کئی بچے اور خواتین بھی شامل تھیں، چٹانوں سے ٹکرا کر دور دور تک جاگِرے۔
عہدے داروں کا کہنا ہے کہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب پہاڑی موڑ پر بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی۔
مسافروں کی چیخ و پکار سنتے ہی آس پاس کے علاقوں کے لوگ جائے حادثہ کی طرف دوڑ پڑے اور پولیس اور فوج نے بھی فوری طور پر بچاؤ کارروائی شروع کردی۔
عہدے داروں کے مطابق جانبحق ہونے والے مسافروں کی لاشیں إِس قدر مسخ ہوچکی ہیں کہ اُن کی فوری شناخت ممکن نہیں۔
مرنے والوں کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے، کیونکہ ڈاکٹروں نے کئی ایک زخمیوں کی حالت انتہائی تشویش ناک قرار دے دی ہے۔