پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ میچ کے پہلے روز 14 وکٹیں گر گئیں۔
جنوبی افریقن ٹیم 14 برس بعد پاکستان میں یہ میچ کھیل رہی ہے۔ منگل کو میزبان ٹیم کے کپتان کوائنٹن ڈی کوک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 220 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
جواب میں پاکستان کی ٹیم نے بھی محض 33 رنز پر چار وکٹیں کھو دی ہیں۔ مایہ ناز بلے باز بابر اعظم بھی پویلین لوٹ گئے ہیں جس کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔
جنوبی افریقن بالر کگیسو رابادا نے دو پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ اسپنر کشو مہاراج نے بابر اعظم کی اہم وکٹ حاصل کی۔
پاکستان پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کے 220 رنز سے 187 رنز پیچھے ہے جب کہ اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔
اظہر علی اور فواد عالم پانچ، پانچ رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کے اوپننگ بلے باز ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ میزبان ٹیم کا مجموعی اسکور 30 تک پہنچا تو ایڈن مارکرم شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عمران بٹ نے مارکرم کا شاندار کیچ پکڑا اس طرح مارکرم کی اننگز 13 رنز پر اختتام پذیر ہوئی۔
پہلی وکٹ کے جلد خسارے کے بعد ایلگر دوسری وکٹ پر رسی دوسین کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھاتے رہے۔ لیکن دوسین 17 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے جب کہ فاف ڈیوپلیسی 23 اور کپتان ڈی کوک 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اوپننگ بلے باز ڈین ایلگر کی جانب سے پاکستانی بالروں کے خلاف مزاحمت کا سلسلہ جاری رہا لیکن وہ بھی 136 کے مجموعی اسکور پر58 رنز بنا کر نعمان علی کا شکار بن گئے۔
ایلگر نے 9 چوکوں کی مدد سے 106 گیندوں پر 58 رنز بنائے۔ مڈل آرڈر بلے باز ٹیمبا باووما بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 17 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تین، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو جب کہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ٹیم میں شامل دو کھلاڑی اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔ ٹیم کے کوچ یونس خان نے عمران بٹ جب کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ نے نعمان علی کو ٹیسٹ کیپ پہنائی۔
پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: کپتان بابر اعظم، اظہر علی، عابد علی، عمران بٹ، محمد رضوان، فواد عالم، فہیم اشرف، شاہین شاہ، حسن علی، نعمان علی اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ڈین ایلگر، ایڈن مارکرم، رسی دوسین، فاف ڈیوپلیسی، کپتان کوئنٹن ڈی کوک، ٹیمبا باووما، کریگ لنڈے، کشو مہاراج اور کگیسو رابادا شامل ہیں۔