ملک کے اقتصادی مرکز اور سب سے بڑے شہر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ یا ہدف بنا کر قتل کرنے کے حالیہ واقعات کے بعد شہر میں ایک مرتبہ پھر کشیدگی پائی جاتی ہے۔ گذشتہ شب متحدہ قومی موومنٹ کے ایک ذیلی دفتر پر حملے کے بعد اس کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے خلاف سندھ کی تمام سیاسی جماعتوں کو قیادت کے خلاف ایک موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے اور اُنھوں نے تمام متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس طرح کے واقعات کے انسداد کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ نے ہفتے کے روز کراچی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔ رحمن ملک نے کہا کہ کراچی میں حالیہ ہلاکتوں کا مقصد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے دفتر پر حملے کی ذمہ داری عوامی نیشنل پارٹی پر عائد کی ہے لیکن عوامی نیشنل پارٹی اس کی تردید کرتی ہے۔