رسائی کے لنکس

کراچی: یوم سوگ اور احتجاجی مظاہرے


تحریک انصاف کے کارکنوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے، اور ٹائر جلا کر شہر کی مختلف شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے بلاک کردیا۔

کراچی: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس میں تصادم کے خلاف کراچی میں پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کی جانب سے اتوار کو ’یوم سوگ‘ منایا گیا۔

گزشتہ رات اسلام آباد میں آزادی مارچ کے کارکنوں پر حملے کیخلاف کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں میں سخت اشتعال دیکھنے میں آیا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے، اور ٹائر جلا کر شہر کی مختلف شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے بلاک کردیا۔

شہر کی مرکزی سڑک شاہراہِ فیصل کے علاوہ سائٹ ایریا، فائیو اسٹار چورنگی اور کلفٹن تین تلوار پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی۔

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے گزشتہ رات دی گئی یوم سوگ کی اپیل پر اتوار کو چھٹی والے دن بھی کھلنے والے چھوٹے بڑے تمام کاروباری مراکز بند رہے اور شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی انتہائی کم رہی۔ شہر بھر کے سی این جی اسٹیشنز اور پیٹرول پمپس بھی بند رہے۔

کراچی میں تحریک انصاف کے کارکنان گزشتہ رات سے اسلام آباد میں ہونےوالے آزادی مارچ کے کارکنوں پر پولیس تشدد کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ خبروں کے مطابق، سندھ کے دیگر شہروں حیدرآباد اور سکھر میں بھی پی ٹِی آئی کے کارکنوں نے جلوس نکالے۔

XS
SM
MD
LG