رسائی کے لنکس

ایوارڈ یافتہ فلم 'جوکر' پر ریلیز سے قبل ہی تنقید شروع


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہالی وڈ کی تھرلر فلم 'جوکر' کی سینما گھروں میں ریلیز کو کچھ ہفتے ہی باقی رہ گئے ہیں لیکن اس کی تعریف کے ساتھ اب تحفظات اور تنقید کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

ٹوڈ فلپس کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم 'جوکر' ایسے شخص کی کہانی ہے جو معاشرتی رویوں اور محرومیوں کا بدلہ 'جوکر' کا روپ دھار کر تشدد کے ذریعے لینے کی کوشش کرتا ہے۔

رواں مہینے 'وینس فلم فیسٹیول' میں فلم 'جوکر' نے سب سے بڑا ایوارڈ اپنے نام کیا لیکن 2012 میں امریکی سینما تھیٹر میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد کے لواحقین اس پر سخت اعتراض کر رہے ہیں۔

فائرنگ کے واقعے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے کچھ افراد نے 'جوکر' کے ڈسٹریبیوٹر اسٹوڈیو 'وارنر برادرز' کے نام خط میں تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹوڈیو گن اصلاحات کے لیے مہم میں مدد کرے۔

ساتھ ہی انہوں نے فلم میں دکھائے جانے والے تشدد پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بہت سے دیگر افراد نے بھی 'جوکر' کے پر تشدد مناظر پر تنقید کی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق وارنر برادرز سے فلم سینما گھروں سے اتارنے کا مطالبہ تو نہیں کیا گیا تاہم اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ کمپنی گن تشدد کے خاتمے کے پروگرامز کے لیےفنڈز دے اور ایسے کسی بھی امیدوار کی حمایت نہ کرے جو نیشنل رائفل ایسوسی ایشن سے پیسے لیتا ہو۔

باکس آفس کے تجزیہ کاروں کے مطابق فلم 'جوکر' اوپننگ ویک اینڈ میں نارتھ امریکن باکس آفس پر سات کروڑ سے آٹھ کروڑ ڈالرز کا بزنس کر سکتی ہے۔

خط کے جواب میں 'وارنر برادرز' کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی تشدد کا شکار افراد کی مالی امداد کی طویل تاریخ رکھتی ہے اور اس میں 'کولیراڈو' فائرنگ کے متاثرین بھی شامل ہیں۔

وارنر برادرز اسٹوڈیو کی ٹیلی کمیونیکشنز کی پیرنٹ کمپنی 'اے ٹی اینڈ ٹی' نے دیگر کاروباری سربراہوں کے ساتھ مل کر امریکہ میں فائرنگ کے واقعات سے متعلق قانون سازی کا کہا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ فلم اور اس کا خیالی کردار 'جوکر' حقیقی دنیا میں تشدد کی کسی بھی قسم کی حمایت نہیں کرتے۔ فلم 'جوکر' کا مقصد تشدد کو بڑھاوا دینا نہیں۔ فلم، فلم ساز یا اسٹوڈیو اس کردار کو بطور ہیرو پیش نہیں کرتے۔

خط پر دستخط کرنے والے پانچ خواتین اور مردوں میں سے ایک 'سینڈی فلپس' نے 'ہالی وڈ رپورٹر' کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ انہیں خطرہ ہے کہ ہر وہ شخص جو نفسیاتی الجھنوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پرقتل عام کی خواہش اپنے اندر دبائے ہوئے ہے۔ فلم 'جوکر' سے اس کی حوصلہ افزائی ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ خیال ہی خوفزدہ کرنے والا ہے۔

وارنر برادرز کو خط 23 ستمبر کو بھیجا گیا تھا۔

'جو کوئن فینکس' نے فلم 'جوکر' میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم چار اکتوبر کو امریکی سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

سال 2012 میں کولیراڈو کے ایک سینما گھر میں آدھی رات کو فلم 'ڈارک نائٹ' کی نمائش کے دوران ایک شخص کی فائرنگ سے 12 افراد ہلاک جبکہ 70 زخمی ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG