سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے بدھ کو اس بات کا اعلان کیا کہ اُنھیں کینسر کی بیماری لاحق ہے، جس کا پتا اُس وقت چلا جب حالیہ دِنوں اُن کے معدے کی عمل ِجراحی کی گئی۔
مسٹر کارٹر 90 برس کے ہیں۔ اُنھوں نے ایک مختصر بیان میں کی گئی اِس تشخیص کا اعلان کیا۔
اُنھوں نے تفصیل نہیں بتائی آیا اُنھیں کس قسم کا سرطان ہے۔ اُنھوں نے بس اتنا کہا کہ یہ اُن کے جسم کے ’دیگر اعضا‘ میں ہے۔
بقول اُن کے، ’جب مزید حقائق سامنے آئیں گے تو ایک مکمل عام بیان دیا جائے گا، ممکنہ طور پر اگلے ہفتے‘۔
امریکہ کے جنوبی شہر، ایٹلانٹا میں ’ایموری ہیلتھ کیئر‘ میں انتالیسویں صدر کا علاج ہوگا۔
تین اگست کو مسٹر کارٹر کی سرجری ہوئی تھی، جس میں اُن کے معدے کا ایک چھوٹا حصہ نکال دیا گیا تھا۔
کارٹر سینٹر کی خاتون ترجمان، ڈیانا کونجیلیو نے اس عملِ جراحی کو مختصر بتایا اور کہا کہ صدر اپنی مکمل شفایابی کے بارے میں پُرعزم ہیں۔ فی الوقت اُنھوں نے دیگر سوالوں کے جواب دینے سے احتراز کیا۔
سنہ 1981 جب وہ اوول آفس سے رخصت ہوئے، سابق صدر نے ’کارٹر فاؤنڈیشن‘ قائم کی ہے اور صحت کی دیکھ بھال اور عالمی جمہوریت جیسے مسائل میں بہتری لانے کے لیے دنیا بھر کا سفر کرتے رہے ہیں۔
حال ہی میں اُنھوں نےاپنی کتاب لکھی ہے، جس کا عنوان ہے:
A full Life: Reflections at 90
پچھلے ہفتےاُنھوں نے سفر کیا۔ اپنی میعاد صدارت مکمل ہونے کے بعد، اُنھوں نے 20 سے زائد کتابیں تحریر کی ہیں۔