رسائی کے لنکس

جاپانی فٹ بال تیرتا ہوا امریکہ پہنچ گیا


ایک 16 سالہ جاپانی نوجوان کو اپنا پسندیدہ فٹ بال دوبارہ ملنے جارہا ہے جو گزشتہ برس آنے والے سونامی میں بہہ گیا تھا اور اب ہزاروں میل دور امریکی ساحل سے برآمد ہوا ہے۔

شمال مشرقی جاپان کے علاقے 'ریکوزینٹکاٹا' میں واقع میساکی مورا کامی کا گھر اور اس کا تمام سامان 11 مارچ 2011ء کو آنے والے بدترین سونامی میں بہہ گیا تھا۔

اب 13 ماہ بعدموراکامی کا فٹ بال جاپان سے ہزاروں میل دور امریکی ریاست الاسکا کے جزیرے 'مڈلٹن آئی لینڈ' کے ساحل سے برآمد ہوا ہے۔

فٹ بال ساحل کے نزدیک مقیم ڈیوڈ بیکسٹر نامی امریکی شہری کو ملا جنہیں فٹ بال پر درج موراکامی کے ہم جماعت دوستوں کے الوداعی پیغامات کے ذریعے اس کے اصل مالک کا علم ہوا۔

بیکسٹر کی اہلیہ می یومی جاپانی نژاد ہیں جنہوں نے ٹیلی فون پر میساکی کو اس کی فٹ بال ملنے کی خوش خبری سنائی۔ امریکی جوڑا جلد یہ فٹ بال بذریعہ ڈاک اس کے اصل مالک کو لوٹانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

امریکہ کے موسمیاتی ادارے 'یو ایس نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹماسفیرک ایڈمنسٹریشن' کا کہنا ہے کہ مذکورہ فٹ بال گزشتہ برس کے زلزلے میں بہہ جانے والے سامان میں سے پہلی چیز ہے جس کے اصل مالک کا سراغ لگایا جاسکا ہے۔

XS
SM
MD
LG