رسائی کے لنکس

یہودی بستیوں پر پابندی ختم ہونے پرغرب اردن میں خوشیاں


یہودی بستیوں پر پابندی ختم ہونے پرغرب اردن میں خوشیاں
یہودی بستیوں پر پابندی ختم ہونے پرغرب اردن میں خوشیاں

غربِ اردن کے علاقے روانا میں اتوار کی شام کو تقریباً دو ہزار افراد نے ایک ریلی نکالی اور بستیوں کی تعمیر پرپابندی ختم ہونے کی خوشی میں غبارے ہوا میں چھوڑے ۔ اور ایک قریبی بستی کریات نیٹافم میں آبادکاروں نے ایک نئے اسکول کی بنیاد رکھی۔

اسرائیلی آبادکاروں اور ان کے حمایتیوں نے اتوار کوغرب اردن میں یہودی بستیوں کی تعمیر پر جزوی پابندی ختم ہونے پر خوشیاں منانے کا آغاز کر دیا ہے۔

غربِ اردن کے علاقے روانا میں اتوار کی شام کو تقریباً دو ہزار افراد نے ایک ریلی نکالی اور بستیوں کی تعمیر پرپابندی ختم ہونے کی خوشی میں غبارے ہوا میں چھوڑے ۔ اور ایک قریبی بستی کریات نیٹافم میں آبادکاروں نے ایک نئے اسکول کی بنیاد رکھی۔

اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نتنیاہو نے غرب اردن کے یہودی آباد کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ بستیوں کی تعمیر کے معاملے میں تحمل کا مظاہرہ کریں۔فلسطینی رہنما ؤں نے متنبہ کیا ہے کہ بستیوں کی تعمیر پر دوبارہ کام شروع ہونے کی صورت میں وہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لئے ہونے والے مذاکرات میں شریک نہیں ہوں گے۔

فلسطینی قیادت نے تازہ صورتحال اور غرب اردن میں ممکنہ تعمیرات کے دوبارہ شروع ہونے کے بارے میں مشورے کے لئےعرب لیگ کے وزرا خارجہ کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے پیرس میں فرانسیسی یہودیوں کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کہا ہے کہ وزرا خارجہ کا اجلاس چار اکتوبر کو ہوگا۔

ہفتے کو محمود عباس نے کہا تھا کہ اسرائیل کی توسیع پسندی اور تسلط کی ذہنیت فسطینی عوام کو مجبور کر رہی ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں تشدد کی تحریک جاری رکھیں اور خطے میں پرامن حل کے لئے کی جانے والی کوششیں ترک کر دیں۔

انیس سو سڑسٹھ میں غرب اردن پر قبضے کے بعد سے اسرائیل نے اس علاقے میں ہزاروں یہودیوں کو بستیاں قائم کرنے کی اجازت دے رکھی تھی۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ بستیوں کی تعمیر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے منصوبے میں رکاوٹ ہے۔

امریکی صدر براک اوباما کے ایک مشیر ڈیوڈ ایکسلروڈ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکہ کی خواہش ہے کہ دو نوں فریق امن ٕکے معاہدے کے لئے موجودہ سازگار ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔

امریکہ اسرائیل پر زور دیتا آیا ہے کہ وہ نئی بستیوں کی تعمیر پر عائد پابندی کی مدت میں اضافہ کرے اور فلسطین مذاکرات کے عمل میں شریک رہے۔

ہفتے کو نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر اسرائیلی اور فلسطینی رہنما ؤں نے امریکی سفارتکاروں سے ملاقات کی تاکہ خطے میں امن کے لئے جاری براہ راست مذاکرات کاعمل تعطل کا شکار نہ ہو۔

XS
SM
MD
LG