رسائی کے لنکس

اسحاق ڈار کو آئندہ سماعت پر لازمی پیش ہونے کا حکم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عدالت نے اسحاق ڈار کو پیشی کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدم پیشی کی صورت میں 50 لاکھ روپے کے مچلکے ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے اسحاق ڈار کو پیشی کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدم پیشی کی صورت میں 50 لاکھ روپے کے مچلکے ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بدھ کو وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق ریفرنس کی سماعت کی۔

بدھ کو جب سماعت شروع ہوئی تو وکیل اسحاق ڈار نے عدالت سے نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ کی نئی میڈیکل رپورٹ بھی احتساب عدالت میں پیش کی گئی۔

اسحاق ڈار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ کی لندن کے مقامی اسپتال میں انجیو گرافی ہوچکی ہے لیکن ابھی مزید ٹیسٹ ہونے ہیں، لہذا انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے مخالفت کی اور کہا کہ اسحاق ڈار مسلسل تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، ایکو ٹیسٹ میں چار منٹ لگتے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جونئیر وکیل عائشہ حامد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار نے نیا ڈاکٹر مقرر کر لیا ہے جس پر پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ اسحاق ڈار کو کوئی ایسی بیماری نہیں جو عدالت آنے سے روکے، میڈیکل رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار کو شدید بے چینی ہے۔

عائشہ حامد نے عدالت کو بتایا کہ ظافر خان کو اسحاق ڈار نے اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے جب کہ وکیل نے اسحاق ڈار کی حاضری سے استثنیٰ اور نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست بھی جمع کرائی۔

نیب نے اسحاق ڈار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا بھی کی جو عدالت نے مسترد کردی۔

عدالت نے اسحاق ڈار کو پیش ہونے کے لیے آخری موقع دے دیا اور اسحاق ڈار کے ضامن کو آیندہ سماعت پرپیش ہونے کا حکم دے دیا۔

عدالت کا کہنا ہے کہ اگرضامن نے ملزم کو آیندہ سماعت پرپیش نہ کیا تو 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ضبط ہوں گے۔

عدالت نے اسحاق ڈار کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور انہیں 20 لاکھ کے مزید مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی۔

احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہورہی ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیرِ خزانہ کے خلاف یہ ریفرنس دائر کرنے اور ٹرائل کا حکم دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG