رسائی کے لنکس

آئرلینڈ: اسرائیلی سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم


آئرلینڈ نے کہاہے کہ اس نے اس سال کے شروع میں دبئی میں حماس کے ایک عہدے دار کے قتل میں جعلی آئرش پاسپورٹ استعمال کرنے پر ایک اسرائیلی سفارت کار کو اپنے ملک سے نکال دیا ہے۔

آئرش وزیر خارجہ مائیکل مارٹن نے منگل کے روز کہا کہ حکومت نے یہ کارروائی ایک تفتیش کے بعدکی ہےجس سے یہ ظاہر ہوا تھا کہ اسرائیل پاسپورٹوں کے غلط استعمال کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ تفتیش سے پتا چلا ہے کہ حماس کے عہدے دار محمود المبحوح کی ہلاکت میں مشتبہ افراد نے جو پاسپورٹ استعمال کیے تھے ان میں آٹھ آئرش پاسپورٹ شامل تھے۔

دبئی نے جنوری میں ایک ہوٹل میں حماس کے لیڈر کی ہلاکت کا الزام اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ایجنٹوں پر لگایاتھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ قاتلوں نے دبئی میں داخلے کے لیے جعلی پاسپورٹ اور برطانیہ، آئرلینڈ ، فرانس ، جرمنی اور آسٹریلیا کے شہریوں کی چوری شدہ شناختیں استعمال کی تھیں۔

پچھلے مہینے برطانیہ اور آسٹریلیا نے بھی اس واقعہ میں جعلی پاسپورٹ استعمال کرنے پر اسرائیلی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیاتھا۔

اسرائیل اس قتل میں اپنے ایجنٹوں کے ملوث ہونے کی تصدیق یاتردید سے انکار کرچکاہے۔

XS
SM
MD
LG