عراق کے شہر کربلا میں پیر کو ہونے والے دو بم دھماکوں میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ پہلا حملہ صبح کے وقت کربلا کے مضافاتی علاقے میں ایک بس اڈے پر ہوا جہاں شیعہ زائرین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اس کار بم دھماکے میں چھ افراد ہلاک ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق چند گھنٹے بعد شہر کے جنوبی حصے میں ایک اور کار بم دھماکے میں شیعہ زائرین اور سکیورٹی فورسز کے ارکان سمیت آٹھ افراد مارے گئے۔
محرم الحرام کے بعد سے عراق میں شیعہ برادری پر متعدد حملے کیے جا چکے ہیں اور گذشتہ ہفتے کربلا شہر ہی کے قریب دو خودکش بم دھماکوں میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔