پاکستان میں حکام نے بتایا ہے کہ سرحدعبور کر کےایک شخص کو ہلاک کرنے کے الزام میں زیرحراست تین ایرانی سرحدی محافظوں کی رہائی کے بارے میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
یہ واقعہ بلوچستان کے دوردراز اورغیر آباد تحصیل ماشکیل کے علاقے میں، جہاں سرحدی حدود غیر واضح ہیں، پیش آیا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مقتول اور زخمی ہونے والا اُس کا ایک ساتھی دونوں اسمگلر تھے۔
تحصیل کی انتظامیہ کے ایک اعلٰی عہدے دار کے بقول ایرانیوں نے تسلیم کیا ہے کہ گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئےانجانے میں وہ سرحد عبورکربیٹھےاورجب اُنھوں نے گاڑی کو روکنے کے لیے فائرنگ کی تو حادثاتی طور پر گولیاں اس میں سوار افراد کو لگ گئیں۔
پاکستانی سرحد پر تعینات محافظوں نے واپس جانے والے ایرانیوں کا پیچھا کر کے اُنھیں لاش اور زخمی شخص سمیت اپنی تحویل میں لے لیا۔
مقامی عہدے داروں نے کہا ہے کہ وہ زیر حراست ایرانیوں کے بارے میں بلوچستان کی صوبائی حکومت کے احکامات کے منتظر ہیں۔
ایران نے تاحال اس واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔