رسائی کے لنکس

ایرانی فورسز کی فائرنگ سے چھ پاکستانی ہلاک


ایرانی فورسز کی فائرنگ سے چھ پاکستانی ہلاک
ایرانی فورسز کی فائرنگ سے چھ پاکستانی ہلاک

بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے قریب ایرانی سرحدی فورسز نے اپنی حدود میں چھ پاکستانیوں کو فائرنگ کرکے ہلاک اور دو کو زخمی کردیا۔

ضلع گوادر کے ڈپٹی کمشنر عبد الرحمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی پٹی پر واقع زاران شہر سے بلو چستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد ایک ٹرک میں جانور لے کر ایران میں داخل ہوئے تو ان پر سرحدی فورسز نے فائر نگ کر دی۔

اُنھوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو واپس لانے کے لیے ایران کے سر حدی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد میں سے چار کا تعلق ضلع تربت تھا جب کہ باقی دو گوادر کے رہنے والے تھے۔

عموماً گوادر کے تاجر جانور فروخت کرنے کے لیے ایران کے سرحدی شہر چاہ بہار لے کر جاتے ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ہلاک ہونے والے بھی اسی غرض سے ایران میں داخل ہوئے تھے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں بھی 31 دسمبر 2011ء کو ایران کی سرحدی فورسز نے پاکستان کی حدود میں داخل ہو کر ایک گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس سے سعید ریکی نامی جوان ہلاک اور اُس کا بھائی زخمی ہو گئے تھے۔ فائرنگ کرنے والے ایران کے سرحد ی فورسز کے تین جوانوں کو پاکستان کی نیم فوجی فورس ’ایف سی‘ نے گرفتار کرلیا تھا، جن کو بعد میں مقتول کے ورثاء سے تحریری راضی نامہ کے بعد رہا کردیا گیا۔

XS
SM
MD
LG