رسائی کے لنکس

ایران: حزب اختلاف کے مظاہرے پر آنسو گیس کا استعمال، گرفتاریاں


ایران: حزب اختلاف کے مظاہرے پر آنسو گیس کا استعمال، گرفتاریاں
ایران: حزب اختلاف کے مظاہرے پر آنسو گیس کا استعمال، گرفتاریاں

ایرانی سیکیورٹی فورسز نے مصر اور تیونس کی حالیہ عوامی تحریکوں کی حمایت میں مظاہرہ کرنے والے ہزاروں ایرانیوں کو منشتر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

عینی شاہدین کا کہناہے کہ حکومت کی اجازت نہ ملنے کے باوجود جب حزب اختلاف نے پیر کے روز مظاہرے کا اعلان کیا تو بلوؤں پر قابو پانے والی پویس کے اہل کار ، جن میں سے زیادہ تر موٹرسائیکلوں پر سوار تھے، وسطیٰ تہران میں پھیل گئے۔

حزب اختلاف کے راہنما میر حسن موسوی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تہران میں سیکیورٹی فورسز نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔ تاہم سرکاری عہدے داروں نے گرفتاریوں کی تصدیق نہیں کی۔

مظاہرین تہران کے چوراہوں پر جمع ہوئے اورکئی ایک نے آمریت مردہ باد کے نعرے لگائے۔ یہ نعرہ 2009ء کے متنازع صدارتی انتخابات کے بعد سے مظاہرین صدر محمود احمدی نژاد کے خلاف لگارہے ہیں۔

اصلاح پسند راہنماؤں موسوی اور مہدی کروبی نے کہا ہے کہ انہوں نے مصراور تیونس کی ان عوامی تحریکوں کی حمایت میں مظاہرے کی اپیل کی تھی جن کے باعث آمر حکمرانوں کو اقتدار چھوڑنا پڑاتھا۔

ایرانی حکام نے مظاہرے کی اجازت سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا حزب اختلاف اس آڑ میں اپنی حکومت مخالف تحریک دوبارہ زندہ کرنےکے لیے لوگوں کو متحرک کرنا چاہتی ہے۔

XS
SM
MD
LG