رسائی کے لنکس

ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف کارروائی کی جائے: اسرائیل


ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف کارروائی کی جائے: اسرائیل
ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف کارروائی کی جائے: اسرائیل

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتن یاہو نے اپنی کابینہ کو بتایا کہ اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران ’منظم طور پر جوہری ہتھیار بنا نے کی کوشش کر رہا ہے‘

حال ہی میں جوہری توانائی سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے کی طرف سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں ’معتبر‘ ثبوت ملنے پر کہ ایران نیوکلیئر ہتھیارتشکیل دینے کی کوشش میں ہے، اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف بین الاقوامی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتن یاہو نے اپنی کابینہ کو بتایا کہ اس رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران ’منظم طور پر جوہری ہتھیار بنا نے کی کوشش کر رہا ہے‘۔

جوہری بم کے حامل ایران کو اسرائیل خطرے کاباعث سمجھتا ہے، جِس کی ایک وجہ اسرائیل کوتباہ کرنے کا ایرانی مطالبہ ہے جو وہ اکثرو بیشتر کرتا رہتا ہے۔ عام خیال یہ ہے کہ اسرائیل مشرق وسطیٰ کا وہ واحد ملک ہے جِس کے پاس جوہری ہتھیارہے۔

امریکی صدر براک اوباما نے روسی اور چینی راہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار کے حصول کےسلسلے میں ایران کی حساس حرکات کو بند کرانے کے لیے کی جانے والی اُن کی کوششوں کی حمایت کریں۔ اُنھوں نےیہ بات ریاست ہوائی کے شہر ہونولولو میں ہفتے کوعلاقائی سربراہ اجلاس کے باہر اُن راہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران کی۔

قومی سلامتی امور کے معاون امریکی مشیر بین رہوڈز کا کہنا تھا کہ تینوں راہنما ایران کو جوہری ملک بننے کی مخالفت کرنے پر متفق تھے۔ روسی اور چینی صدور نے مسٹر اوباما کے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو کی تفاصیل نہیں بتائیں۔

مغربی طاقتوں نے خبردار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی تشویش کو دور کرنے میں ناکامی کی صورت میں ایران پر مزید تعزیرات لگائی جائیں گی۔ ایران نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئےکہا ہے کہ اُس کا جوہری پروگرام پُر امن مقاصد کے لیے ہے۔

XS
SM
MD
LG