رسائی کے لنکس

یورپی یونین نے ایران کے خلاف عائد پابندیوں میں توسیع کردی


یورپی یونین نے ایران کے خلاف عائد پابندیوں میں توسیع کردی
یورپی یونین نے ایران کے خلاف عائد پابندیوں میں توسیع کردی

یورپی یونین نے ایران کی جانب سے اپنا جوہری پروگرام ترک نہ کرنے پر اس کے خلاف عائد پابندیوں کا دائرہ کار وسیع کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

ای یو کے حکام نے پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ یورپی ممالک کی تنظیم نے ان افراد اور کمپنیوں کی فہرست میں کئی مزید نام شامل کرنے کی منظوری دیدی ہے جن کے اثاثہ جات ایران کےجوہری پروگرام سے ان کے مبینہ تعلق کے شبہ میں منجمد ہیں۔ ان افراد کے خلاف یورپی تنظیم نے سفری پابندیاں بھی عائد کر رکھی ہیں۔

یورپی حکام کے مطابق 100 مزید ایرانی شہریوں اور کمپنیوں کے نام مذکورہ فہرست میں شامل کیے گئے ہیں جس کے بعد ان افراد کے یورپ میں موجود اثاثہ جات منجمد ہوگئے ہیں۔

ایران کا اصرار ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کیلیے ہے تاہم عالمی مبصرین اور مغربی ممالک کی جانب سے یہ شبہ ظاہر کیا جاتا رہا ہے ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں یورپی حکام نے ایران کی جانب سے اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی بحالی کی پیشکش یہ کہہ کر مسترد کردی تھی کہ تہران کی پیشکش میں کوئی نئی بات نہیں اس لیے اس موضوع پر مذاکرات کا ایک اور دور لاحاصل ہوگا۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان (برطانیہ، فرانس، چین، روس اور امریکہ) اور جرمنی پر مشتمل 'پی 5+1' نامی گروپ ایران سے اس کے جوہری پروگرام کے معاملے پر مذاکرات کرتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG