|
ایران نے لبنانی طیاروں کو ان درجنوں لبنانی شہریوں کو وطن واپس لے جانے سے روک دیا ہے جو اس کے بعد ایران میں پھنس گئے ہیں، جب لبنان نے ایک ایرانی مسافر طیارے کو اپنے ملک میں اترنے سے روک دیا تھا۔ تہران کا کہنا ہے لبنان نے یہ اقدام اسرائیلی دھمکی پر کیا ۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے تہران پر الزام لگایا تھا کہ وہ مسافر بردار طیارے کے ذریعے حزب اللہ کو نقد رقوم اسمگل کر رہا تھا تاکہ وہ خود کو مسلح کر سکے۔
ایران نے اس کے بعد اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ اس وقت تک لبنان طیاروں کو اپنے ہاں اترنے کی اجازت نہیں دے گا جب تک بیروت میں اس کی پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جاتی۔
اس تعطل کے باعث ایران میں زیارت کےلیے جانے والے درجنوں لبنانی شیعہ زائرین وہاں تین دن سے پھنسے ہوئے ہیں۔ لبنان کی جانب سے ایرانی طیارے کو اترنے سے روکے جانے سے قبل انہیں ماہان ایئر سے بیروت واپس آنا تھا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بیگھائی نےجمعے کو کہا کہ اسرائیل نے تہران سے لبنانی شہریوں کو لانے والے ایک مسافر طیار ے کو دھمکی دی تھی’’ جس سے بیروت ایئر پورٹ جانے والی معمول کی ایرانی پروازوں میں خلل پڑا۔‘‘ ترجمان نے اسرائیل کی مبینہ دھمکی کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قراردے کر اس کی مذمت کی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ، ایران کی قدس فور س اور حزب اللہ نے شہری پروازوں کو بیروت میں فنڈز اسمگل کرنے کےلیے استعمال کیا تھا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی فوج’ حزب اللہ کو خود کومسلح کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور وہ اس جنگ بندی پر عمل درآمد کے لیے اپنے تمام وسائل کو استعمال کرے گی جو حزب اللہ کو مسلح ہونے سے روکنے کے لیے درکار ہوں گے۔
ایرانی پروازوں کو روکنے کے بعد لبنان نے جمعے کو اپنی قومی ایئر لائن مڈل ایسٹ ایئر لائنز سے دو طیارے لبنان بھیجے تاکہ وہاں پھنسے ہوئے لبنانی شہریوں کو ایران سے واپس لا سکیں ، لیکن ایران نے لبنانی طیاروں کو اپنی سر زمین پر اترنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ۔
بیروت کے لیے ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی نے جمعے کو ایران کے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ایران طیاروں کو صرف اس صورت میں اترنے کی اجازت دے گاجب ایرانی پروازوں کو بیروت سفر کی اجازت دی جائے گی۔
سفیر نے کہا ، ’’ لبنانی حکومت کی درخواست کو یقینی طور پر قبول کیا جائے گا لیکن اس شرط پر کہ وہ ایرانی پروازوں کو نہ روکیں۔
لبنان کےوزیر خارجہ جو رگی نے لبنانی ٹی وی الجدید کو جمعے کے روز بتایا کہ ان کی وزارت اپنے ایرانی ہم منصب کےساتھ مسئلے کے حل کے لیے کام کر رہی ہے۔
حزب اللہ کے پارلیمانی رکن ابراہیم الموسوی نے جمعرات کو لبنان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی تمام عوامی تنصیبات پر ، خاص طور پر ایئر پورٹ پر لبنان کے اقتدار اعلیٰ کی ضمانت کےلیے ضروری اقداما ت کرے ۔ حزب اللہ کے درجنوں حامیوں نے جمعرات کودیر گئے ایک مظاہرے میں بیروت ایئر پورٹ کے ارد گرد کی سڑکوں کو بند کر دیا ۔
ستمبر میں لبنان کی ٹرانسپورٹ کی وزارت نے ایک ایرانی طیارے کو اس کے بعد اپنی فضائی حدود میں داخل نہ ہو نے کا حکم دیا تھا جب اسرائیل نے بیروت ایئر پورٹ پر ٹریفک کنٹرول کو انتباہ کیا کہ اگر طیارہ اترا تو وہ طاقت کا استعمال کرے گا۔
اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔
فورم