رسائی کے لنکس

آئی فون دس سال کا ہوگیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کمپنی کے شریک بانی سٹیو جونز نے آئی فون کے لیے اپنی ایک ٹیم منتخب کی اور اس کے ڈیزائن اور تیاری پر اتنے خفیہ طریقے سے کام شروع کیا کہ کمپنی کے اندر بھی کسی کو معلوم نہیں تھا کہ سٹیو کی ٹیم کس پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے۔

اپیل کا آئی فون 29 جون کو دس سال کا ہو گیا ہے۔ ان دس برسوں میں آئی فون کا سفر زیادہ تر کامیابیوں اور بلندیوں کا سفر رہاہے۔

پہلا آئی فون 29 جون 2007 میں لانچ ہوا تھا۔ اس وقت سے اب تک ایک ارب سے زیادہ آئی فون فروخت ہو چکے ہیں۔ آئی فون کی کہانی بڑی دلچسپ ہے۔ یہ ایک ایسے وقت میں منظر عام پر آیا تھا جب موبائل فون محض کال کرنے اور سننے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

کمپیوٹر ساز کمپنی اپیل نے ایک ایسے وقت میں موبائل فون کے شعبے میں آنے کا سوچا جب اس کے کمپیوٹروں کی فروخت کم ہو رہی تھی اور اسے ونڈوز قسم کے کمپیوٹرز سے سخت مقابلے کا سامنا تھا۔

کمپنی کے شریک بانی سٹیو جونز نے آئی فون کے لیے اپنی ایک ٹیم منتخب کی اور اس کے ڈیزائن اور تیاری پر اتنے خفیہ طریقے سے کام شروع کیا کہ کمپنی کے اندر بھی کسی کو معلوم نہیں تھا کہ سٹیو کی ٹیم کس پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے۔

اس خفیہ منصوبے کا نام ’ پراجیکٹ پرپل‘رکھا گیا اور اس سے متعلقہ تمام چیزوں پر ارغوانی یعنی پرپل رنگ کر دیا گیا۔

ٹیم کے ارکان ایک مخصوص کمرے میں بند ہو کر کام کرتے تھے اور کوئی بھی اپنے منصوبے کے بارے میں ایک لفظ بھی زبان پر لانے کے لیے تیار نہیں تھا ۔

ایپل نے اپنے پہلے آئی فون کی لانچ کے لیے امریکہ کی موبائل فون کمپنی اے ٹی اینڈ ٹی کے ساتھ معاہدہ کیا اور جون 2007 میں پہلا آئی فون صرف اے ٹی اینڈ ٹی کے اسٹوروں پر ہی دستیاب تھا۔ فون کی فروخت شروع ہونے سے کئی گھنٹوں پہلے اسٹوروں پر لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پہلے ہفتے کی فروحت 15 لاکھ سے زیادہ تھی جو کمپنی کے ابتدائی اندازوں سے کہیں زیادہ تعداد تھی۔

پہلے آئی فون کے دو ماڈل متعارف کرائے گئے تھے جن کی قیمتیں 500 اور 600 ڈالر تھیں۔

آئی فون دوسرے وائرلس فونوں کے لیے رول ماڈل ثابت ہوا اور پھر دوسری کمپنیوں نے بھی اس ڈیزائن اور اسائل کے فون بنانا شروع کر دیے۔

دوسرا سال آئی فون کی زندگی کا سب سے اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال اپیل نے’ ایپ اسٹو‘متعارف کرایا۔ یہ چھوٹے سائز کے کمپیوٹر پروگراموں کا ایسا اسٹور تھا جہاں سے آئی فون پر کام کرنے والے ایپ مل سکتے تھے۔ ایپ اسٹور نے آئی فون کی مقبولیت اور فروخت میں نمایاں اضافہ کیا اور دوسری جانب ایپ بنانے والوں کی حوصلہ افزائی ہوئی اور انہوں نے ہزاروں کی تعداد میں ایپ بنائے۔ کمپنی پروگرامرز کو ایپ کی فروخت کے تناسب سے معاوضہ دیتی تھی لیکن منافع کا زیادہ حصہ کمپنی کے اپنے اکاؤنٹ میں جاتا تھا۔

اپیل تقریباً ہر سال اپنا نیا ماڈل کچھ اضافی چیزوں کے ساتھ مارکیٹ میں لاتا ہے۔ جس میں بہتر کیمرہ، تیز رفتار پراسیسر، نئے سینسرز اور دوسری چیزیں شامل ہیں۔ پچھلے سال موسم خزاں نے آئی فون 7 لانچ ہوا تھا جب کہ اس سال آئی فون 8 متوقع ہے۔

اپیل کمپنی ہر ممکن یہ احتياط کرتی ہے کہ نیا ماڈل لانچ ہونے سے پہلے کسی کو خبر نہ ہو کہ اس میں کیا کچھ ہوگا۔ اس کی وجہ دوسری فون ساز کمپنیوں سے مسابقت اور صارفین میں تجسس پیدا کرنا ہے۔

سوشل میڈیا پر گشت کرنے والے افواہوں کے مطابق نئے آئی فون کی سکرین تھری ڈی ہوگی۔ اس میں آرگینک ایل ای ڈی کا سکرین ڈسپلے ہوگا جس سے تصویر زیادہ واضح اور زیادہ حقیقی ہوگی ۔ نیا فون حقیقی اور ورچوئل ریئلٹی کو جوڑنے والے اپب چلانے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔ اس میں اور کیا کچھ ہوگا یہ اس سال موسم خزاں میں پتا چل سکے گا۔

پچھلے سال اپیل نے آئی فون 7 کی فروخت 24 ارب ڈالر سے زیادہ تھی۔

اپیل بنیادی طور پر کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ بنانے والی کمپنی ہے ۔ لیکن یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں ہے کہ اپیل کو اب سب سے زیادہ آمدنی آئی فون سے حاصل ہوتی ہے ۔ دوسرے نمبر پر اس کے آئی پیڈ ہیں اور محصولات سے کمپیوٹر اب سے آخر میں چلا گیا ہے۔

  • 16x9 Image

    جمیل اختر

    جمیل اختر وائس آف امریکہ سے گزشتہ دو دہائیوں سے وابستہ ہیں۔ وہ وی او اے اردو ویب پر شائع ہونے والی تحریروں کے مدیر بھی ہیں۔ وہ سائینس، طب، امریکہ میں زندگی کے سماجی اور معاشرتی پہلووں اور عمومی دلچسپی کے موضوعات پر دلچسپ اور عام فہم مضامین تحریر کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG