رسائی کے لنکس

فیفا کے چھ اہل کاروں کے خلاف، انٹرپول کے ریڈ نوٹس جاری


یہ چھ افراد اُن 14 لوگوں میں شامل ہیں جن کے خلاف امریکی محکمہٴانصاف نے مالی بے ضابطگیوں، دھوکہ دہی اور رقوم کی غیرقانونی ترسیل کے الزامات پر فرد جرم عائد کی ہے

انٹرنیشنل پولیس فورس (انٹرپول) نے بدعنوانی اور بے ضابطگی کے الزام پر فیفا کے سابق دو اہل کاروں اور چار منتظمین کے خلاف ’ریڈ نوٹس‘ جاری کیے ہیں۔

وہ دنیا میں کہیں بھی سفر پر ہوں، اُنھیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

یہ چھ اہل کار اُن 14 لوگوں میں شامل ہیں جن کے خلاف امریکی محکمہٴانصاف نے مالی بے ضابطگیوں، دھوکہ دہی اور رقوم کی غیرقانونی ترسیل کے الزامات پر فرد جرم عائد کی ہے۔ استغاثے کا مؤقف ہے کہ فیفا کی ایک اسکیم جاری تھی جس میں مبینہ طور پر کھیل سے متعلق میڈیا کے منتظمین ملوث تھے؛ وہ ٹورنامنٹ کے مارکیٹنگ کے حقوق کے بدلے 15 کروڑ ڈالر دینے پر تیار تھے۔

چھ میں سے دو مشتبہ افراد کے خلاف اُن کے آبائی وطن میں فرد جرم عائد کی جا چکی ہے؛ جن میں سے ٹرینیڈاڈ اور ٹباگو کے فیفا کے نائب صدر جیک وارنر؛ اور پراگوے سے تعلق رکھنے والے انتظامی کمیٹی کے سابق رکن، نکولس لیوز شامل ہیں۔ وارنر کو رہا کیا گیا ہے جب کہ لیوز کو گھر پر نظربند کیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان، جوش ارنیسٹ نے کہا کہ فیفا کی بدعنوانی کا اسکینڈل اور منگل کے روز فیڈریشن کے صدر سیپ بلیٹر کی جانب سے مستعفی ہونے کی پیش کش، فٹبال کے انتظامی ادارے کو ایک موقع فراہم کرتا ہے کہ ادارے کا عام تاثر بہتر ہو سکے اور اس کے مشن کے عین مطابق اقدام کو یقینی بنایا جائے۔

XS
SM
MD
LG