رسائی کے لنکس

خلابازوں کی چہل قدمی، خلائی اسٹیشن کا پرزہ تبدیل کیا


ناسا کے امریکی خلائی مرکز کا کہنا ہے کہ اس نقص کے باعث عملے کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا اور یہ کہ اسٹیشن اپنا اصل کام خیر و خوبی سے انجام دیتا رہا ہے

دو امریکی خلابازوں نے خلا میں چہل قدمی مکمل کرلی ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے باہر نصب گیس پمپ کے کنٹرول باکس کو تبدیل کرنا تھا، جو امونیا گیس خارج ہونے کا باعث تھا۔

ناسا کا کہنا ہے کہ خلابازوں کِرس کیسڈی اور ٹوم مرش برن نے ڈھائی گھنٹوں تک چہل قدمی کے دوران 113کلوگرام وزنی باکس کو ہٹا کر اُس کی جگہ دوسرا آلہ نصب کیا۔

ہفتے کے روز خلانوردوں کی یہ جوڑی مجموعی طور پر چھ گھنٹوں سے زیادہ وقت تک خلائی اسٹیشن سے باہر رہی۔

جمعے کو خلائی اسٹیشن کے کینیڈا سے تعلق رکھنے والے کمانڈر، کِرس ہیڈ فیلڈ نے امونیا خارج ہونے کے معاملے کے بارے میں بتایا کہ یہ نقص سنجیدہ نوعیت کا تھا، کیونکہ یہ مدار میں گردش کرنے والی لیباریٹری کو سرد رکھنے کے نظام پر اثرانداز ہو رہا تھا، جسے چھ ارکان پر مشتمل عملے نے از خود ٹھیک کرلیا تھا۔

ناسا کے امریکی خلائی مرکز کا کہنا ہے کہ اس نقص کے باعث عملے کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا اور یہ کہ اسٹیشن اپنا اصل کام خیر و خوبی سے انجام دیتا رہا ہے۔

خلائی اسٹیشن کے عملے کے ارکان نے نظام میں پڑنے والی اس دراڑ کا ذکر جمعے کے روز کیا تھا۔

ہیڈ فیلڈ کے کہنے کے مطابق یہ نقص دراصل ناسا کے کمانڈ سینٹر کی خلائی گاڑی کے زمینی کنٹرول میں تھا، جو ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں واقع ہے۔

ایمونیا گیس خلائی اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنے کے لیے اسٹیشن کے توانائی کے نظام کو سرد رکھنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

خلائی اسٹیشن میں اِسی نوعیت کا ایک واقعہ گذشتہ برس بھی پیش آیا تھا، لیکن یہ واضح نہیں ہو پایا آیا نئے نقص کی وجہ وہی تھی۔

XS
SM
MD
LG