رسائی کے لنکس

تمام تعلیمی اداروں کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت


وفاقی وزارت داخلہ نے پولیس اور رینجرز کو اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کی سیکورٹی سخت کرنے کے احکامات بدھ کو جاری کئے ہیں۔

وفاقی وزارت داخلہ نے ملک کے تمام صوبوں کو تعلیمی اداروں میں سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جبکہ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں اور اسلام آباد کے نجی اسکولوں میں سردی کی چھٹیوں میں31جنوری تک اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

ادھر پولیس کی جانب سے کراچی کے حساس علاقوں میں واقع اسکولوں کی سیکورٹی کیلئے لازمی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کراچی یونیورسٹی کی سیکورٹی بہتر بنانے کیلئے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ نصب کرنے اور دیواروں کو اونچا کرنے سمیت متعدد اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان اعلانات سے تعلیمی سرگرمیوں کے متاثر ہونے کے امکانات بھی کافی حد تک بڑھ گئے ہیں۔ اس کی واضح مثال جامعہ کراچی میں جلسہ تقسیم اسناد کا التوا ہے جو 30 جنوری کو ہونا تھا۔ تاہم، سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی غرض سے اسے ملتوی کر دیا گیا۔

وفاقی وزارت داخلہ نے پولیس اور رینجرز کو اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کی سیکورٹی سخت کرنے کے احکامات بدھ کو جاری کئے۔ یہ احکامات تمام آرمی پبلک اسکولز اور فیڈرل گیریژن بورڈ کے تحت آنے والے تمام اسکولوں میں 31جنوری تک چھٹیوں میں اضافے کے اعلان کے فوری بعد جاری ہوئے۔

اس کے فوری بعد ہی یہ اعلان بھی سامنے آیا کہ بحریہ فاؤنڈیشن کے زیر نگرانی چلنے والے اسکولز بھی رواں ماہ کے آخر تک بند رہیں گے۔ تاہم، اعلان میں اسکولوں کو اچانک بند کئے جانے سے متعلق کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

گذشتہ سال آرمی پبلک اسکول پشاور کے بعد رواں ماہ باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشت گردوں کے حملے نے جہاں ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی سلامتی اور تحفظ کے حوالے سے سنجیدہ نوعیت کے خدشات کو جنم دیا ہے، وہیں انتظامیہ و سیکورٹی اداروں کو ٹھوس اقدامات پر بھی مجبور کردیا ہے۔

ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اور حکومتی عہدیدار مختلف نوعیت کے حفاظتی اقدامات کرتے نظر آتے ہیں، ایسے ہی اقدامات کراچی یونیورسٹی نے بھی اٹھائے ہیں جس کے تحت جامعہ کی سیکورٹی بہتر بنانے کیلئے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی زیر صدارت بدھ کو انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کا اجلاس ہوا جس میں یونیورسٹی کی سیکورٹی کیلئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے جامعہ کراچی کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے، جامعہ کی دیوار چاروں اطراف سے 8 فٹ بلند کردی جائے گی، جبکہ جامعہ کے اندر موجود جھاڑیوں کو کاٹ دیا جائے گا۔ اجلاس میں ریٹائرڈ فوجیوں پر مشتمل سیکیورٹی گارڈ بھرتی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

منگل کو پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام اسکول 26سے 31جنوری تک بند رکھنے کا اعلان کیا۔ لیکن اس کی وجہ سرد موسم بتائی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ ایک سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں تعلیمی اداروں پر حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

ڈائریکٹر کالجز کراچی نے بھی پرنسپلز کو سیکورٹی پلان مرتب کرنیکی ہدایت کی ہے، جس کے تحت تعلیمی اداروں کے اوقات روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے طلبہ کو مشقیں کرانے، تعلیمی اداروں کے باہر چوکیدار کی موجودگی کو یقینی بنانے اور غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر سختی سے پابندی کے ساتھ ساتھ طلبہ، اساتذہ اور اسٹاف کی تعداد سے متعلقہ تھانے اور ڈپٹی کمشنرز کو مطلع رکھنے کا کہا گیا ہے۔

کراچی کے اسکولوں کی سیکورٹی کیلئے ’ایس او پی‘ جاری
ادھر کراچی کے انتہائی حساس علاقوں میں واقع اسکولوں کی سیکورٹی کیلئے بھی لازمی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ہدایات میں اسکولز کی سیکورٹی بڑھانے اور جدید سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا کہا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ساوٴتھ زون ڈاکٹر جمیل احمد کے مطابق حساس سمجھے جانے والے ساوٴتھ زون میں نجی اور سرکاری اسکولوں کی مجموعی تعداد 600 ہے جنہیں سیکورٹی کی غرض سے تین درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سیکویٹی اداروں سے وابستہ 16 اسکولز کو اے اور 20 مشنری اسکولز کو بی کیٹیگری میں رکھا گیا۔

ہدایات کے مطابق اسکولز میں تین مرکزی دروازے لازمی قرار دیئے گئے۔ دو دروازے داخلی اور خارجی جبکہ ایک دروازہ ہنگامی صورتحال کے وقت استعمال کی غرض سے بنانا لازمی ہوگا۔ اسکولز کی دیوار8سے10فٹ اونچی جبکہ اس پر دو فٹ کے خاردار تار اور عمارت کے اطراف اور اندر جدید ترین سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG