رسائی کے لنکس

جنگلات کا تحفظ: انڈونیشیا کو دیے گئے امریکی قرضہ میں نرمی


جنگلات کا تحفظ: انڈونیشیا کو دیے گئے امریکی قرضہ میں نرمی
جنگلات کا تحفظ: انڈونیشیا کو دیے گئے امریکی قرضہ میں نرمی

امریکہ نے جنگلات کے تحفظ کی یقین دہانیوں کے بدلے انڈونیشیا کو دیا گیا لگ بھگ تین کروڑ ڈالرز کا قرض معاف کردیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا کے ساتھ اس طرز کی یہ دوسری رعایت ہے جس کا مقصد جنگلات کے کٹاؤ کو روکنا اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس کی جانب سے قرض کی اْن ادائیگیوں میں لگ بھگ دو کروڑ 85 لاکھ ڈالرز کی کمی کی جائے گی جو آئندہ آٹھ برسوں کے دوران انڈونیشیائی حکومت کی جانب سے امریکہ کو کی جانی ہیں۔

امریکی رعایت کے بدلے انڈونیشیائی حکومت یہ رقم جزیرہ بورنیو پر واقع 'کلی منتان' کے جنگلات کے تحفظ اور بحالی کی سرگرمیوں پر خرچ کرے گی۔

مذکورہ معاہدہ کو 'ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ' اور 'نیچر کنزروینسی' جیسے عالمی اداروں کی حمایت حاصل ہے جو اس پر عمل درآمد کی نگرانی بھی کریں گے۔

جنگلی حیاتیات کے تحفظ کے عالمی ادارے 'ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ' کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ہونے والے کاربن کے کل اخراج میں انڈونیشیا، امریکہ، یورپی یونین اور چین کے بعد چوتھے نمبر پر آتا ہے۔ ادارے کے مطابق اس کاربن کے لگ بھگ 83 فی صد اخراج کا سبب انڈونیشی جنگلات کی تیزی سے کٹائی اور ان کی کمی ہے۔

ادارے کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی جنگلات کی کٹائی میں انڈونیشیا کا حصہ 14 فی صد سے بھی زائد ہے۔

واضح رہے کہ حیاتیاتی تنوع سے بھرپور 'کلی منتان' کے جنگلات میں 15 ہزار سے زائد اقسام کے پھولوں کے پودے پائے جاتے ہیں جبکہ یہ کئی اہم جنگلی حیاتیات، بشمول لنگوروں، چیتوں اور ہاتھیوں کی بھی آماجگاہ ہیں۔

امریکہ اور انڈونیشیا کے درمیان قرض معافی کے بدلے جنگلات کے تحفظ کا پہلا معاہدہ 2009ء میں طے پایا تھا جس کا مقصد جزیرہ سماٹرا کے جنگلات کو محفوظ رکھنے کی سرگرمیوں کے لیے فنڈز کی فراہمی تھا۔

XS
SM
MD
LG