رسائی کے لنکس

بھارت کی دو ریاستوں میں انتخاب: بی جے پی اور اتحادی آگے


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

بھارت کی دو ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے لیے پیر کو ہونے والی ووٹنگ کے نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور ابتدائی نتائج کے مطابق حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی اتحادی شیو سینا کو حزب اختلاف پر برتری حاصل ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی ریاست مہاراشٹرا میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی اور اس کے اتحادیوں نے 288 نشستوں میں سے 177 پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اکثریت حاصل کرلی ہے۔ تاہم، ریاست ہریانہ میں اسے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

ریاست ہریانہ میں بی جے پی کی نشستوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور غیر متوقع طور پر اب تک آنے والے نتائج کے مطابق کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔

شمالی ریاست ہریانہ کی 90 میں سے 39 نشستوں پر بی جے پی کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے اور اسے اکثریت حاصل کرنے لیے مزید 7 نشستیں درکار ہیں۔

دونوں ریاستوں میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس اور اس کی اتحادی نیشنل کانگریس پارٹی کمزور دکھائی دیں۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق، ریاست مہاراشٹرا میں کانگریس نے 97 اور ہریانہ میں 32 نشستیں حاصل کی ہیں۔

رواں سال موسم گرما میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد حکمراں جماعت کو ریاست مہاراشٹرا اور ہریانہ میں ریاستی انتخابات کی صورت میں بڑے چیلنج کا سامنا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، انتخابی مہم کے دوران بی جے پی نے ووٹ کے حصول کے لیے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور شہریوں کی رجسٹریشن کرانے کے نعروں کو اپنی مہم کا حصہ بنایا تھا۔

بی جے پی کی عام انتخابات کے بعد ریاستی انتخابات میں بھی کامیابی کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے اور حالیہ کامیابی کے بعد ان کی ملک پر گرفت مزید مضبوط ہوگی۔

XS
SM
MD
LG